نئی دہلی ( نیوزایجنسیاں،نیٹ نیوز)بھارت نے چینی سفیر کی پاکستان اور چین کیساتھ سہ فریقی امن مذاکرات کی تجویز کو مستردکردیا۔گزشتہ روز بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نئی دہلی میں تعینات چینی سفیر لو زائو کی پاک بھارت تعلقات کی بہتری، کشمیر اورسرحدوں پر امن کیلئے تجویز پر ردعمل دیتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کیساتھ ہمارے تعلقات مکمل طورپر دو طرفہ ہیں جن میں کسی بھی تیسرے فریق ملک کو مداخلت کی اجازت دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ہم نے چینی سفیر کے بیان کا جائزہ لیا ہے لیکن ہمیں چین کی حکومت کی طرف کشمیر اورسرحدوں پر امن کیلئے سہ ملکی سمٹ بلانے کیلئے کوئی مشورہ نہیں ملا ۔چینی سفیر کا بیان صرف انکی ذاتی رائے ہے ۔ بھارت چینی حکومت کی جانب سے ایسی کوئی تجویز قبول نہیں کریگا ، پاکستان کیساتھ معاملات صرف دو طرفہ نوعیت کے ہیں ۔