بریڈ فورڈ(این این آئی)آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے امریکہ کے ایوان بالا کے ارکان کی طرف سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام خط اور ان سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے سنگین انسانی بحران کو ختم کرنے کی درخواست کا خیر مقدم کرتے ہوئے امریکہ کی دونوں بڑی سیاسی جماعتوں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے سینیٹروں کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں یورپی پارلیمنٹ کے سابق رکن امجد محمود بشیر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا بین الاقوامی برادری مزید وقت ضائع کئے بغیر فوری اقدامات اٹھا کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آئین کی دفعہ 370اور 35-Aکے خاتمہ کے بعد ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کو پامال کر رہا ہے ۔ مودی حکومت مقبوضہ جموں وکشمیر میں غیر کشمیری ہندوئوں کو بھارت کے دوسرے علاقوں سے لاکر آباد کر کے مسلمانو ں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے برطانیہ میں آباد کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی تیزی سے بگڑتی صورتحال اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے دنیا کو آگاہ کریں۔صدر آزادکشمیر نے چیئرمین پاکستان مسلم لیگ برطانیہ راجہ آفتاب شریف ،لیڈز کی سٹی کونسل کے رکن کونسلر اصغر خان، کونسلر جاوید اختر اور کونسلر محمد شہزاد کی طرف سے استقبالیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔