نیویارک( ندیم منظور سلہری سے )امریکہ میں مقیم بھارتی وکیلوں کے بڑے گروپ نے بالآخر تسلیم کر لیا کہ کلبھوشن کیس کے فیصلے میں پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا گیا ہے ، بھارت کلبھوشن کیس ہار گیا،مودی ہندی ترجمہ کرواکر بغور جائزہ لیں۔ نیویارک میں مقیم جسونت ٹھاکر ایڈووکیٹ کا کہنا ہے کہ کلبھوشن کی سزائے موت کی معطلی اور رہا کرنے کی بھارتی درخواستیں مسترد ہونے کا مطلب واضح ہے کہ بھارت یہ کیس ہار گیا ۔تعجب ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سمیت تمام حکومتی حکام اور میڈیا اس فیصلے کو اپنی جیت تصور کر رہا ہے ۔ انہیں چاہیئے کہ ہندی زبان میں ترجمہ کروا کر اس فیصلے کا بغور جائزہ لیں تب جا کر انہیں سمجھ آئیگی کہ انکے ساتھ کیا ہوا ہے ۔ لائرز فار ہیومین رائٹس انٹرنیشنل ( ایل ایچ آر آئی) کے سیکرٹری جنرل اور سنئیر وکیل نوکرن سنگھ کے مطابق بھارت کے لئے فیصلے میں خوشی اور جشن منانے والی کوئی بات نہیں عالمی عدالت نے گلبھوشن کے خلاف پاکستان کی فوجی عدالت کے فیصلے کو مسترد نہیں کیا اب کلبھوشن کی تقدیر کا فیصلہ ایک بار پھر پاکستان کو دیدیا گیا ہے ۔ پروفیسر اجے کمار شرما کا کہنا تھا کہ قونصلر رسائی دینے کے لئے پاکستان پہلے ہی آمادہ ہو چکا تھا۔ ڈاکٹر امرجیت سنگھ نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی عدالت نے مودی کے بھیانک چہرے پر صرف ایک تھپڑ رسید کیا ہے اب پاکستان کلبھوشن کو پھانسی دیکر دوسرا تھپڑ مارے گا۔