لاہور؍اسلام آباد(جنرل رپورٹر؍خبرنگار خصوصی) نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 441 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ اس دوران 6 مریض ملک بھر کے ہسپتالوں میں وائرس کی وجہ سے جاں بحق ہوئے ۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد5ہزار 540 ہے ۔پنجاب میں گزشتہ روز 72 مریض سامنے آئے ،کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔دنیابھر میں مریضوں کی تعداد 2.80کروڑ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتیں 9.11لاکھ ہوگئی ہیں۔بھارت میں 24گھنٹوں کے دوران 95ہزار مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 1100 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے ، کل ہلاکتوں کی تعداد 75 ہزار سے تجاوز کر گئی۔یو اے ای میں کورونا کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مئی کے بعد سب سے زیادہ کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے اور 883 نئے کیس ریکارڈ کئے گئے ۔اقوام متحدہ نے کورونا کی وباء کے باعث نوزائیدہ اور کم عمر بچوں کی زندگی بچانے والی کئی دہائیوں کی محنت پر پانی پھرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وباء کے باعث پھر سے بچوں کی شرح اموات بڑھ سکتی ہے ۔