سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے اسرائیلی طرزکے منصوبے پر عمل پیر اہوکر کشمیریوں کو اپنی جائیداد سے بے دخل کرنا شردع کردیا ۔بھارتی فورسز نے جنوبی کشمیر میں شہری کا گھر سیل کردیا، کئی مقامات کا محاصرہ کر لیا ،درگاہ حضرت بل کے قریب اچانک آپریشن سے خوف وہراس پھیل گیا،فورسزنے کئی افراد کو حراست میں لے لیا،ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کرلی ،حوالدار ہرویندر سنگھ نے اپنی سروس رائفل سے خود پر گولی چلائی ادھرشمالی کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں بھارتی فوج کا ایک قلی ہلاک ہوگیا۔اوآئی سی نے شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین بے گناہ کشمیری مزدوروں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یواین کی زیر نگرانی تحقیقات کرائی جائیں ، اسلامی تعاون تنظیم کے انسانی حقوق کمیشن نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ بھارتی فورسز کی طرف سے اس گھناؤنے جرم کا اعتراف جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ایسے جرائم کی شدت اور حدت سے متعلق کمیشن کی طرف سے بار بار ظاہر کئے گئے خدشات کو تقویت بخشتا ہے جنہیں کالے قانون آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے تحت استثنیٰ اور ہندوتوا نظریے کی حامل بھارت کی ریاستی مشینری کی حمایت حاصل ہے ۔ کمیشن نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق کالے قوانین آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ اور پبلک سیفٹی ایکٹ کو منسوخ کرے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کا احترام کرے ۔دریں اثنا بھارتی ایجنسی نے چھاپے کے دوران جنوبی کشمیر میں ایک کشمیری کا گھر سیل کردیا،وادی کے کئی مقامات پر تلاشی آپریشن اور فوجی محاصرے جاری ہیں، قابض فوج نے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کے فلسطین سے متعلق منصوبے پر عملدرآمد شروع کردیا ہے جس کے تحت کشمیریوں کو ان کی جائیداوں سے محروم کیا جارہا ہے۔