لاہور(خبرنگارخصوصی) سابق نگران وزیر صنعت و تجارت ومین بزنس مین پینل میاں انجم نثار نے نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں کیے گئے حکومتی فیصلے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے کشمیر کے ایشو پر بھارت کے ساتھ تجارت کو معطل کر کے درست سمت قدم اٹھایا ہے اور قومی امنگوں کی بھرپور ترجمانی کی ہے ۔ بھارت نے کشمیر کی خود مختاری کے قانون پر شب خون ماراہے ۔ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کبھی بھی اس غیر قانونی اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی ۔بھارت کے ساتھ تجارت معطل ہونے سے سب سے زیادہ نقصان غیر ملکی سرمایہ کاری کی مد میں سالانہ64 ارب ڈالر وصول کرنیوالے ملک بھارت کو پہنچے گا۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو فلسطین نہیں بنا سکتااور نہ ہی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدل سکے گا۔انھوں نے کہا بھارت کشمیر کو ہمیشہ اپنا اندرونی معاملہ قرار دیتا رہا ہے جبکہ یہ ایک بین الاقوامی معاملہ ہے ورنہ امریکی صدر اس پر وزیر اعظم عمران خان سے بات کرتے نہ ثالثی کی پیشکش کرتے ۔