ملتان(خبر نگار)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین کے ہمراہ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹر کرس وارن ہالین ان چار امریکن سینیٹرز میں سے ایک ہیں جنہوں نے صدر ٹرمپ کو کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی اوربھارتی جارحیت کیخلاف خط لکھا۔ حقائق جاننے کیلئے سینیٹر کرس وارن ہالین پہلے انڈیا گئے جہاں انہیں جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا جب امریکہ کے ایک منتخب کانگرس کے رکن کو جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا تو آپ خود جانتے ہیں کہ انڈیا دنیا کے سامنے کیا چھپانا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں امریکی صدر ‘ سینیٹر کرس وارن ہالین اور امریکی سفیر کا کشمیر بارے موقف پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا بھارتی حکومت نے غلام نبی فائی کو بھی مقبوضہ کشمیر جانے کی اجازت نہیں دی تھی۔بھارت میں ایسا کیا ہو رہا ہے کہ بھارت نے اپنی اپوزیشن کو وادی کا دورہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔ امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین امریکی سینٹ میں بل پیش کریں گے اور امریکہ کی فارن ریلیشن کمیٹی میں کشمیر سے متعلقہ بل میں ترمیم کروائیں گے ۔پاکستان امریکی سینیٹر اور وفد کو دعوت دیتا ہے کہ وہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں۔اگر دنیا کے کسی بھی ملک کا کوئی وفد ایل او سی کا دورہ کرنا چاہتا ہے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ۔ پاکستان میں اور بلخصوص آزاد کشمیر میں جہاں جانا چاہتے ہیں یہ جا سکتے ہیں۔ ہم کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں۔80لاکھ بے گناہ کشمیریوں کو 9لاکھ بھارتی فوجیوں نے محاصرے میں لیا ہوا ہے ۔کرفیو کو 61دن سے زائد ہو چکے ہیں ۔امریکی صدر ، سنیٹر کرس ہالین اور امریکی سفیر کا کشمیر بارے موقف پر شکریہ ادا کرتا ہوں ۔امریکی سینیٹر کرس وارن ہالین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو کشمیر میں اور ایشیا میں جو ہورہا ہے معلوم ہے ۔میں انڈیا سے پاکستان پہنچا ہوں۔ مجھے جموں کشمیر نہیں جانے دیا گیا۔میں نے کشمیر کے مسئلے پر بھارتی حکام سے بات کی۔انہوں نے کہا ہم کوشش کریں گے کہ پاک بھارت مذاکرات جلد شروع ہوں۔کشمیر کے حوالے سے پاکستان کی سفارشات کو آگے بھیجوں گا۔ انہوں نے ملتان میں دعوت دینے پر وزیر خارجہ پاکستان مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے امریکی سینیٹر اور وفد کو شہراولیائآمد پر خوش آمدید کہا اور ملتان کی تاریخ بارے تفصیلاً بریفنگ دی۔ اس موقع پر امریکی سفیر پال جونز ‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی ‘ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری بھی موجود تھے ۔