نئی دہلی،سرینگر (92 نیوزرپورٹ،این این آئی) بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے تیسرے مرحلے میں آج 115 حلقوں میں ووٹ ڈالے جائینگے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی اپیل پر اس مرحلے کا بھی بائیکاٹ کیا جائیگا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا الیکشن کے تیسرے مرحلے میں ملک کی 14ریاستوں میں رائے دہندگان اپنے نمائندوں کا چنائو کرینگے ۔ بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھاکے انتخابات کے آخری اور ساتویں مرحلے کیلئے 7 مئی کو 19 ریاستوں کی 59 نشستوں پر ووٹ ڈالے جائینگے ۔ حریت کانفرنس’’گ‘‘کے چیئرمین سید علی گیلانی نے اپنے ایک بیان میں آج اننت ناگ میں بھارتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ اور مکمل ہڑتال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ بھارتی افواج اور نیم فوجی فورسز کی موجودگی میں الیکشن ڈرامے کی کوئی اعتباریت اور وقعت نہیں۔