سکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے گائوں تنگی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک تباہ اور دہشت گردوں کے سرغنہ زبیر اور عزیز الرحمن عرف فدا کو ہلاک کر دیا ہے۔ دہشت گردوں کا یہ نیٹ ورک پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث تھا اور سرحد پار سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ کے لوگوں سے براہ راست احکامات لیتا تھا۔ اس میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ بھارت نے پاکستان میں اپنے حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خفیہ نیٹ ورک بنا رکھے ہیں، اس سلسلہ میں کئی ثبوت دنیا کے سامنے رکھے جا چکے ہیں، باجوڑ میں کام کرنے والا دہشتگردوں کا نیٹ ورک پاکستان کے مختلف مقامات پر دہشت گردی میں ملوث تھا جبکہ اس کے کمانڈر عزیز الرحمن عرف فدا کی بیوی کراچی میں اس و یمن ونگ کی نگران تھی جسے گرفتار کر لیا گیاہے۔ 14نومبر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں بھی اس حقیقت کا انکشاف کر چکے ہیں کہ بھارت میں وزیر اعظم کی سربراہی میں سی پیک مخالف سیل بنایا گیا ہے، جسے 80ارب روپے دیے جا چکے ہیں، اس میں 700افراد کی ملیشیابنائی گئی ہے جس کا ہدف سی پیک منصوبوں کو نشانہ بنانا ہے۔ اگرچہ حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی دہشت گرد کارروائیوں کوپورے ثبوت کے ساتھ طشت از بام کیا جا چکا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت کو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے اور بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کرنے کے لیے عالمی فورموں میں اس کا تعاقب جاری رکھا جائے۔