نئی دہلی، اسلام آباد ( نیوزایجنسیاں ) بھارتی فوج کی طرف سے کشمیری خواتین سے جنسی زیادتی کو بطور ہتھیار ستعمال کرنے کی شرمناک حکمت عملی بھارتی ٹی وی کے ٹاک شو میں بے نقاب ہوگئی۔اس( حکمت عملی کو خود سابق بھارتی جنرل نے بے نقاب کیا۔سابق میجر جنرل ایس پی سنہا نے کہا کشمیری خواتین کو جنسی زیادتی کانشانہ بنانے کی حمایت کرتا ہوں۔ انتقام لینے کیلئے کشمیر ی عورتوں کو ریپ ہونا چاہئے ۔ پروگرام کے دوران ایس پی سنہا کی دیگر شرکا اور خاتون میزبان کے ساتھ تکراربھی ہوئی۔ ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مذکورہ پروگرام کی ویڈیو منسلک کرکے ٹوئٹر پر لکھا کہ بھارتی جنرل کاکشمیری خواتین کی عصمت دری کابیان شرمناک ہے ، سابق بھارتی جنرل ایس پی سنہابی جے پی کاکارکن ہے ۔ایس پی سنہا ٹی وی پر بیٹھ کر کشمیری خواتین کی عصمت دری کی وکالت کر رہا ہے جس سے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں خواتین کیساتھ سلوک کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جہاں اس قسم کے لوگوں کو وسیع اختیارات دے کر انہیں چھوٹ دی گئی ہے ۔ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں بھی تصدیق کی گئی ہے کہ بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں ریپ کو بطور ہتھیار استعمال کیا۔ سوشل میڈیاپرسابق بھارتی جنرل کے بیان کی دنیا بھر میں شدیدمذمت کی جارہی ہے اور لوگ اپنے غصے اور ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ایس پی سنہا کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ خواتین سے متعلق اس طرح کے گھناؤنے عمل کی ترغیب دینے والے شخص پر مکمل پابندی عائد کی جانی چاہیے ۔