لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ٹیلی فون کرکے انہیں کشمیر کی الارمنگ صورتحال کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آٹھ ماہ سے لاک ڈان اور سرچ آپریشن جاری ہے ۔بھارتی قابض فوج گھروں میں چھاپے مار کر مظلوم کشمیریوں کو ہراساں کررہی ہے اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے بلا جواز تشددکا نشانہ بنایا جاتا ہے ۔اب تک18 ہزار نوجوانوں اورحریت رہنماؤں کو گرفتار یا گھروں میں نظربند کردیا گیا ہے ،قابض فوج کاکشمیری عوام کے ساتھ رویہ انتہائی ظالمانہ اور ناقابل برداشت ہوچکا ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے وزیر خارجہ سے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان اس صورتحال پر بین الاقوامی برادری ، اقوام متحدہ ، سلامتی کونسل اور یورپی یونین کو توجہ دلائے ۔ شاہ محمود قریشی نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کشمیر کاز کے لیے رابطے کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے جماعت اسلامی کی کشمیر کاز کے لیے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے کشمیر کی آزادی کیلئے جو قائدانہ کردارادا کیا ، پوری قوم اس کی معترف ہے ،کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور ان شائاللہ کشمیریوں کو آزادی ضرور نصیب ہوگی ۔امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کو ٹیلی فون کرکے آزا د کشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے بچاؤ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دریں اثنا منصورہ میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے ٹیلی فونک خطاب اور بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے 12سو بلین کی امداد کو ایک کروڑ بیس لاکھ خاندانوں میں تقسیم کرنے کا جو اعلان کیا اس کا طریقہ کار واضح نہیں ۔امدادی فنڈز کی تقسیم صاف و شفاف اورغیر جانبدار ہونی چاہئے ۔امدادی رقوم کی تقسیم کیلئے مختلف شہروں اور علاقوں کے مقامی رہنماؤں کے ذریعے پی ٹی آئی کے ورکروں کے شناختی کارڈز اکٹھے کئے جارہے ہیں، اس سے ان خدشات کو تقویت ملتی ہے کہ فنڈز کی تقسیم کو آنے والے الیکشن میں استعمال کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی تقسیم کا بہترین طریقہ یہ تھا کہ مردم شماری کرنے والے عملہ جس میں فوج اوراساتذہ شامل تھے اس کے ذریعے اس پورے پراسس کو مکمل کیا جاتا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن ،حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر دردانہ صدیقی اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔