کراچی ،لاہور (سپورٹس ڈیسک،آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی بھی معصوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جارحیت پر پھٹ پڑے ۔ گزشتہ روز سوشل میڈیا پر مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں پیش آنیوالے واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے لکھا کہ ایک بچہ اپنے نانا کے گولیوں سے چھلنی لاش اور فوجیوں کے مابین پھنس گیا۔شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر وائرل اس منظر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ کشمیریوں کی حالت زار کو اس تصویر سے بہتر کوئی چیز بیان نہیں کرسکتی۔علاوہ ازیں شاہد آفریدی نے ٹویٹ کیا کہ انکی اہلیہ اور دو بیٹیاں اقصیٰ اور انشا جو کورونا وائرس میں مبتلا تھیں کا ٹیسٹ منفی آگیا،وہ کورونا وائرس سے کلیئرہوگئی ہیں۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کی زندگیوں میں برکت دے ۔ آفریدی تصویر میں اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کو تھامے ہوئے تھے ۔