اسلام آباد،لاہور،مظفر آباد،سرینگر،ماسکو(خبر نگار خصوصی،سٹاف رپو رٹر،خصوصی نیوز رپورٹر،نیوزرپورٹر، اپنے سٹاف رپورٹر سے ،92 نیوزرپورٹ،نمائندہ خصوصی سے ،نمائندگان، بیورو رپورٹ)جموں وکشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف منگل کو پاکستان ، آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان ، مقبوضہ کشمیر اوردنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام نے یومِ سیاہ منایا ۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ پاکستان آزاد کشمیر اور جی بی بھر میں احتجاجی جلسے جلوس اور مظاہرے ہوئے ۔ بھارت نے 27اکتوبر1947کو برصغیر کے تقسیم کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوج اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کیا تھا ۔ مقبوضہ کشمیر پر قبضے کے 73 سال کے دوران بھارتی فورسز نے کم وبیش چار لاکھ سے زیادہ کشمیریوں کو شہید کردیا ۔دریں اثنایوم سیاہ کے حوالے سے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ حریت قائدین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کرر ہا ہے ، ناپاک عزائم میں ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔منگل کو اپنے ٹویٹ میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ 73 سال سے ہندوستانی افواج نے کشمیر کو ایک کھلی جیل ، کشمیریوں کو محکوم ، قتل، زیادتی اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا ہوا ہے ،ہم کشمیریوں کے حق خودارادیت کو تسلیم کئے جانے تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں، تنازعہ کشمیر کا حل سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہی ممکن ہے ، تاریخ اور وقت کشمیریوں کے ساتھ ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے ، بھارت پاکستان میں ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے ،بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود اردیت دیاجائے ۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کشمیری ایک کھلی جیل میں رہ رہے ہیں،یہ کشمیریوں کے لئے مشکل وقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیریوں کوان کا حق خود ارادیت نہیں ملتا تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح سمیت ہر فورم پر اٹھائیں گے ۔ انہوں نے ہم امن چاہتے ہیں ، بر صغیر کے لئے امن اہم ہے کیونکہ امن سے خوشحالی آتی ہے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت میں سیاسی یا زمینی تنازع نہیں بلکہ انسانیت کی بقا کا مسئلہ بن چکا ہے ۔ یوم سیاہ کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیرخارجہ نے کہا کشمیری نوجوان جدوجہد آزادی میں اکیلے نہیں بلکہ پاکستانی نوجوان بھی ان کے شانہ بشانہ ہیں اور ان کی جدوجہد میں ہم آواز رہیں گے ۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج دنیا کے سامنے ہندوستان کا اصلی اور گھناؤنا چہرہ ہے نقاب ہو چکا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا بھارت جان لے کوئی ظلم اور جبر کشمیریوں کو انکی خود ارادیت کے حق کی منزل سے دور نہیں کر سکتا۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج کیا ہے ۔لوک ورثہ میں وزارت اطلاعات و نشریا ت کے ذیلی ادارے ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلسٹی کے زیراہتمام کشمیریوں کی جدوجہد سے متعلق تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطا ب ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آزادی ایک نعمت ہے ،بدقسمتی سے عالمی برادری مسئلہ کشمیر پر دوہرے پن کا شکار ہے ، کشمیریوں کی تحریک فلسطین تحریک سے مماثلت رکھتی ہے ، کشمیریوں کی جدوجہد کامیابی سے جاری ہے جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔منگل کوبھارتی ناظم الامور کو کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور یوم سیاہ کے موقع پر پاکستان کی طرف سے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارتی حکومت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دے ۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے شاہراہ دستور پر 5منٹ کا علامتی بلیک آئوٹ، سپریم کورٹ، وزیراعظم ہائوس، ایوان صدر اور قومی اسمبلی سمیت تمام سرکاری عمارتوں کی لائیٹس بند کی گئیں۔ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف مظفر آباد مانک پیاں میں خواتین نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ا نسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز میں یوم سیاہ اور استصواب رائے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین کشمیرکمیٹی شہر یار آفریدی نے کہاکہ میں پشاور مدرسہ پر حملہ یوم سیاہ اور مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کی کوشش تھا۔ ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تنازع عالمی برادری کی توجہ کا طلب گار ہے ۔سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہاکہ بھارت میں اولین ترجیح آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کو فروغ ہے ،پاکستان بھارتی بالادستی کا مقابلہ کر رہا ہے ۔تحریک کشمیر برطانیہ نے برمنگھم میں بھارتی قونصل خانے اور لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیر ڈیجیٹل مہم کا آغاز کردیا۔ شرکاء سے دیگر لوگوں کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان اور کشمیری رہنما الطاف احمد بٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔بیلجیم میں قائم کشمیرکونسل ای یو کے زیراہتمام وبینارسے خطاب کرتے ہوئے کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے یورپی یونین اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالے ۔بھارت کے زیر تسلط غیرقانونی مقبوضہ جموں و کشمیر سے متعلق یوم سیاہ کی مناسبت سے پنجاب حکومت کی جانب سے ریلی کااہتمام کیا گیا ۔ وزیر اعلیٰ سردار بزدار،گورنر پنجاب چودھری سرور اور شہریوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر بھارتی بربریت اور مودی سرکار کے مظالم پر بھرپور احتجاج کیا۔ فضا پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی۔ اس موقع پر فرانس میں گستاخانہ خاکوں اورپشاور دھماکے کی بھرپور مذمت بھی کی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ یوم سیاہ منانے کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کی طرف عالمی برادری کی توجہ مبذول کروانا ہے ۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا مودی نے مقبوضہ کشمیر کے ساتھ بھارت میں بھی ظلم کی تاریخ رقم کی ہے ۔سیکرٹری لائیوسٹاک کیپٹن(ر)ثاقب ظفر کی خصوصی ہدایت پر محکمہ لائیوسٹاک میں یوم سیاہ کشمیر کے سلسلہ میں یکجہتی کشمیر ریلی کا اہتمام کیا گیا۔صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شبانہ بشانہ کھڑی ہے ۔سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں بو رڈ آف مینجمنٹ کی جا نب سے سندر سٹیٹ میں ریلی کا انعقا د کیا گیا جس میں بو رڈ آف مینجمنٹ کے ملا زمین سمیت صنعتکا روں و صنعتی ورکرز نے بھر پو ر شر کت کی ۔پاکپتن میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر احمد کمال مان ، ڈی پی او نجیب الرحمن بگوی و دیگر شریک ہوئے ۔تحصیل کونسل ہال شیخوپورہ میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتما م مقبوضہ کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف یوم سیاہ کی تقریب منعقد ہوئی اور ریلی بھی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمداصغر جوئیہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق ودیگر شریک ہوئے ۔قصور،ساہیوال ، وہاڑی،منڈی بہاؤالدین اور چونیا ں میں بھی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ گوجرانوالہ میں بھی یوم سیاہ کشمیر کے سلسلہ میں پنجاب آر ٹس کونسل گوجرانوالہ ڈویژن کے زیر اہتمام کشمیر بنے گا پاکستان ریلی کا انقا دکیا گیا۔وزیراعظم آزادکشمیر کے مشیر سید نصیب اللہ گردیزی و دیگرنے کشمیرسنٹر لاہور کے زیراہتمام پریس کلب کے باہر یوم سیاہ کے سلسلہ میں منعقدہ احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت کے علاوہ کوئی آپشن قابل قبول نہیں۔ یہ حق اقوام متحدہ، عالمی برادری اور خود بھارت نے بھی تسلیم کررکھا ہے اور کشمیری عوام کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے ۔بھارت نے 27اکتوبر1947ء کو کشمیر پر جابرانہ اور غاصبانہ تسلط جمایاجس کے خلاف کشمیری پون صدی سے جدوجہد رکھے ہیں۔ماسکو میں پاکستانی سفارت خانہ میں بھی کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف یوم سیاہ کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت سفیر پاکستان شفقت علی خان نے کی جبکہ تقریب میں پاکستان کمیونٹی کی اہم شخصیات اور سفارت خانے کے عملے نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان شفقت علی خان نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنا راستہ چن لیا ہے ہم پاکستان کی ریاست، پاکستان کی حکومت اور پاکستان کی عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔یو تھ فورم فار کشمیرکے زیر اہتمام کشمیریوں پر مظالم اور کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضہ کے 73سال مکمل ہونے پر یو م سیاہ منایا گیا۔ اس سلسلہ میں پنجاب اسمبلی تا لاہور پر یس کلب کشمیر ریلی نکالی گئی۔ ایک آن لائن مقابلے کے مقررین نے غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جدید دور کا ہولوکاسٹ روکنے کے لئے عالمی مداخلت کا مطالبہ کیاہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقررین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے حوالے اپنی منظورشدہ قراردادوں پر عمل درآمد کرائے کیونکہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت خطرے میں ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ کوئی دو طرفہ تنازعہ نہیں بلکہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے ۔