اوٹاوا(خصوصی رپورٹ ) کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم اور نہ ختم ہونے والے تشدد کی وجہ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام نفسیاتی مسائل سے دوچار ہیں۔ عالمی برادری کو بھارت کو لاکھوں کشمیریوں کی ذہنی صحت کے اہم پہلو سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کو مقبوضہ وادی تک رسائی دینے پر مجبور کرنا چاہئے ۔رضا بشیر تارڑ نے کینیڈا پاکستان ایسوسی ایشن (سی پی اے اوٹاوا ) کے زیر اہتمام دماغی صحت سے متعلق پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جبری گمشدگیوں ، غیرقانونی ہلاکتوں ، پیلٹ گنوں کے استعمال اور کشمیری شہریوں پر اجتماعی عصمت دری کے علاوہ مقبوضہ کشمیر کے باشندوں کو صدمہ پہنچا ہے اور کچھ مطالعات کے مطابق اندازہ لگایا گیا ہے کہ 45 فیصدکے قریب آبادی ذہنی پریشانی کا شکار ہے ۔ اس موقع پر صدر سی پی اے نیشنل کیپٹل ریجن صدف ابراہیم نے ایک تفصیلی پریزنٹیشن میں ذہنی صحت کے مسئلے کے بارے میں بتایا اور یہ کہ کس طرح معاشرہ ایک سادہ طرز زندگی اپناتے ہوئے اس بڑھتے ہوئے چیلنج کا سامنا کرسکتا ہے ۔ سی پی اے نے کینیڈا میں دماغی صحت کے مسائل سے نمٹنے کیلئے رائل فائونڈیشن کینیڈا کو ایک چیک بھی پیش کیا۔