لاہور(کلچرل رپورٹر)لاہور میں دسویں سالانہ تھاپ کانفرنس جاری ،نامور سکالرز نے ’’ شہر اور شہری ‘‘ کے موضوع پر فکر ا نگیزمقالے پیش کئے ۔ تھاپ ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہونے والی کانفرنس میں ثقافتی نمائش ، فلم سکریننگ اور شام موسیقی بھی شرکا ء کی توجہ کا مرکز بنی رہی ۔ ٹرسٹ فار ہسٹری، آرٹ اینڈ آرٹی ٹیکچر(تھاپ) کے زیر اہتمام تھاپ سیکرٹریٹ گلبرگ لاہور میں جاری دسویں سالانہ کانفرنس میں آسٹریلیا، چین ،جرمنی ، سوئٹرز لینڈ،بھارتی مندوبین کے علاوہ پاکستانی ماہر تعلیم اور سکالرز شرکت کرکے ’’ شہر اور شہری ‘‘ کے موضوع پر اپنے تحقیقی مقالے پیش کررہے ہیں ۔کانفرنس کے دوسرے روز پہلے سیشن کی صدارت پروفیسر پرویز وندل ،پرو وائس چانسلر آئی اے سی نے کی جبکہ مجموعی طور پر چار سیشنز میں بارہ سکالرز نے اپنے ریسرچ پیپرز پیش کئے ،ا نسٹی ٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر اور تھاپ کے اشتراک سے ہونے والی کانفرنس''شہر اور شہری'' کا مقصد علم و تحقیق کے پرچار کے ذریعے معاشرے میں برداشت اوررواداری کے جذبات کو فروغ دینا ہے ۔ کانفرنس کے پہلے روز انسٹیٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر کے طلبا نے خوبصورت شام موسیقی میں اپنے پرفارمنس سے سماں باندھ دیا ۔