لاہور (کلچرل رپورٹر) پلوامہ حملے کے بعد ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں پر بھارت کی معروف میوزک کمپنیوں نے اپنے یوٹیوب چینل سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے ہیں۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ہندوانتہا پسند جماعت مہاراشٹرا نونرمان سینا(ایم این ایس) نے ’’ٹی سیریز‘‘، ’’سونی میوزک وینس‘‘ اور’’ٹپس میوزک‘‘ جیسی معروف بھارتی میوزک کمپنیوں کے مالکان کو دھمکی دی تھی کہ وہ پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا بند کردیں ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوجائیں۔ دھمکی کے بعد میوزک کمپنیوں نے اپنے یوٹیوب چینلز سے پاکستانی گلوکاروں کے گانے ہٹا دئیے ہیں۔واضح رہے کہ بھارت کی ٹاپ میوزک کمپنیاں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم سمیت متعدد پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ کام کرنا پسند کرتی ہیں تاہم جب بھی کوئی ایسا واقعہ ہوتا ہے تو سب سے پہلے فنکاروں پر پابندی عائد کی جاتی ہے اب بھی ایسا ہی ہوا ہے ۔