اسلام آباد ( نیٹ نیوز) پاکستانی مارشل آرٹس ایکسپرٹ راشد نسیم نے گنیز ورلڈ ریکارڈ مقابلوں میں ایک مرتبہ پھر بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر 2021 کا پہلا عالمی ریکارڈ قائم کردیا اور اس طرح انفرادی طور پر ان کے ریکارڈ کی تعداد 64 ہو گئی جب کہ ان کی اکیڈمی اب تک 78 ریکارڈز پاکستان کے نام کر چکی ہے ۔راشد نسیم نے اس مرتبہ 3 منٹ میں 10 کلو وزن کے ساتھ 159 مارشل آرٹس ککس مار کر بھارتی کھلاڑی نارائن کا عالمی ریکارڈ چکنا چور کر دیا جنہوں نے 138 ککس لگا کر ریکارڈ بنایا تھا۔ گینز ورلڈ ریکارڈ کی ویب سائٹ کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سال 2021 میں پہلا اورانفرادی طور پرراشد نسیم کا 64 واں ریکارڈ منظور کر لیا گیا ہے ۔اس ضمن میں راشد نسیم کا کہنا ہے کہ پاکستا ن کے لیے جلد از جلد 100ریکارڈ بنانا چاہتا ہوں۔