سرینگر(این این آئی،آن لائن )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی دہشتگردی میں ایک اور نوجوان شہید ہوگیا بدھ 27اکتوبر کو مکمل ہڑتال کی کال دی گئی ہے ۔شوپیاں میں شاہد اعجاز کو گولی مارکرشہید کیا گیا ،کولگام میں نوجوان توصیف، سوپور سے معمر شخص کی لاش برآمدہوئی ہے ،پونچھ میں جھڑپ 3اہلکارزخمی ہوگئے جبکہ برف میں پھنسے 2افراد جاں ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں میں ایک نہتے شہری کوگولی مارکر شہید کردیا۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکارں نے ضلع کے علاقے باباپورہ زینہ پورہ میں اپنے کیمپ کے قریب ایک نہتے شہری کو گولیوں کا نشانہ بناکر شہید کردیا۔ایک سرکاری عہدیدار نے سرینگر میں صحافیوں کو بتایا کہ شہید ہونے والے شہری کی شناخت ضلع اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے شاہد اعجاز کے نام سے ہوئی ہے ۔ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے ، جس کے دوران معصوم کشمیریوں کو مسلسل شہید کیا جا رہا ہے ۔دریں اثنا غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ضلع پونچھ میں ایک حملے کے دوران ایک بھارتی فوجی اور پولیس کے دو اہلکارشدید زخمی ہوگئے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ پونچھ کے علاقے بھاٹا دھوریان میں ایک جھڑپ کے دوران بھارتی فوج کا ایک اور پولیس کے دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جھڑپ کے دوران ایک اسیر ضیاء مصطفی بھی زخمی ہوا ہے جس کو خفیہ ٹھکانے کی نشاندہی کے لیے لے جایا گیا تھا ۔بھارتی پولیس نے دعویٰ کیا کہ تلاشی کے دوران جب ٹیم خفیہ ٹھکانے کے قریب پہنچی تو عسکریت پسندوں نے پولیس اور فوج کی مشترکہ ٹیم پر فائرنگ کی جس سے دو پولیس اہلکار اور ایک فوجی زخمی ہوگیا۔ جموں و کشمیر میں ضلع اسلام آباد کے علاقے سنتھن درے میں برف میں پھنس جانے والے دو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دو دیگر کو بچا لیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک ریسکیو ٹیم سنتھن درے میں اس مقام پر پہنچی جہاں چار افراد برف میں پھنسے ہوئے تھے ۔پولیس نے بتایا کہ آج صبح 5 بجے کے قریب ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔ ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا ہسپتال جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ دیگر دو افرادکو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔