لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر صحت پنجاب پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے سرد ی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر ہسپتالوں میں مریضوں کے اہلخانہ کے لئے شیلٹر بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ بڑے ہسپتالوں کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 4 ہسپتالوں جناح، جنرل، سروسز ، پنجاب کارڈیالوجی اور راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں ایک ہفتے کے اندر شیلٹر بنائے جائیں گے ۔یہ شیلٹر وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے سرد موسم میں ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں بیڈز کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے زیادہ مریضوں کے بروقت علاج کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایم ایس صاحبان نے شیلٹر کے لئے مختلف جگہوں کی نشاندہی کی۔علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشد نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہیلتھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں بھی شرکت کی اور انہیں ہیلتھ کارڈ سکیم اور دیگر امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ سکیم کا آغاز جنوبی پنجاب کے اضلاع سے ہوگا۔ 5اضلاع اور لاہور میں ماں بچہ ہسپتال بنائے جائیں گے ، ہسپتالوں کی ری ویمپنگ اور شعبہ صحت میں اصلاحات کا کام بھی جاری ہے ۔