پرتھ ( سپورٹس ڈیسک) پاکستان اور آسٹریلیا اے کے درمیان ٹور میچ ہار جیت کے بغیر ختم ہو گیا۔ آخری روز قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلرز حریف کھلاڑیوں کے صرف دو بیٹسمین آؤٹ کر سکے ۔ پاکستان نے دوسری اننگز کا آغاز 7 سکور سے کیا۔ پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی قومی ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اظہر علی ناکام رہے اور 1 رن بنا کر نیسر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ۔ حارث سہیل بھی بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 18 کے مجموعی سکور پر 4 رنز بنا کر چلتے بنے ، اس دوران قومی ٹیم کے اوپنر شان مسعود اور مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سکور کو آگے بڑھایا، دونوں بیٹسمینوں نے ففٹیز بنائیں۔ پاکستانی ٹیم کا سکور 152 رنز بنا تو کپتان اظہر علی نے اننگز ڈکلیئر کر دی، شان مسعود 65 رنز بنا کر ہیڈ کی گیند پر میری ڈتھ کو کیچ دے بیٹھے ، افتخار احمد 99 گیندوں پر 79 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ نیسر نے دو شکار کیے ۔ کینگروز کی طرف سے دوسری اننگز کا آغاز برنز اور ہیرس نے کیا، دونوں نے نہایت پر اعتماد سے اننگز کا آغاز کیا تاہم 7 اوورز میں 17 کے مجموعی سکور پر جوئے برنز شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کیپر عابد علی کو کیچ دے بیٹھے ، انہوں نے 11 رنز کی باری کھیلی۔ ون ڈاؤن بیٹسمین عثمان خواجہ نے ہیرس کیساتھ مل کر سکور آگے بڑھایا، 62 رنز پر قومی ٹیم کے ینگ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے ہیرس کو 20 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، اس بار بھی کیچ عابد نے پکڑا۔آسٹریلیا نے 35 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنائے ۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم نے پہلی اننگز میں 428 رنز بنائے تھے ، اسد شفیق اور بابر اعظم نے شاندار سنچریاں بنائی تھیں، جس کے جواب میں قومی ٹیم کے باؤلرز نے کینگروز اے ٹیم کو پہلی اننگز میں 122 رنز پر ڈھیر کر دیا تھا۔