اسلام آباد (رائٹر، سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے اگر بھارت میں ہندو جماعت بی جے پی عام انتخابات جیت گئی اور مودی دوبارہ وزیر اعظم بنے تو بھارت کے ساتھ امن بات چیت کا بہتر موقع ملک سکتا ہے ۔ غیر ملکی صحافیوں کے ایک گروپ کو انٹرویو دیتے وزیراعظم نے کہا اگر بھارت میں اپوزیشن پارٹی کانگریس عام انتخابات جیت کر حکومت بناتی ہے تو مقبوضہ کشمیر سمیت بھارت کے ساتھ جاری مسائل پر بات چیت کرنا مشکل ہو سکتا ہے ۔ بی جے پی الیکشن جیت گئی تو ہم مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کسی تصفیہ پر پہنچ سکتے ہیں۔ عمران خان نے کہا مودی کے دور اقتدار میں بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بڑے پیمارے پر وحشت کا سامنا کر رہے ہیں اور جو کچھ اب بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ہو رہا ہے اور جس طرح ان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اس سے پہلے کسی حکومت کے دور میں یہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کئی سال پہلے مسلمان بھارت میں خوش رہے ہونگے تاہم اب ہندو انتہا پسندوں کی وجہ سے بھارت میں موجود مسلمانوں کی حالت پر انہیں تشویش ہے ۔ انہوں نے کہامودی بھی اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کی طرح مسلمانوں کے مخالفت کو الیکشن جیتنے کیلئے استعمال کر رہے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے مودی کے اعلانات بھی الیکشن سٹنٹ کا حصہ ہیں۔ عمران خان نے کہا پاکستان ملک میں موجود ہر قسم کے دہشت گردوں کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے اور اس کیلئے حکومت کو پاک فوج کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے سیاسی حل کی ضرورت ہے اور اس مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں۔ عمران خان نے کہا بھارت میں الیکشن کے نتائج مودی کے خلاف آئے تو اگلے کئی ہفتوں تک بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف فوجی حملے کے امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے ہمسایہ ممالک افغانستان، بھارت اور ایران کے ساتھ پر امن تعلقات بہت اہم ہیں اور اگر ان ممالک کے تعلقات اچھے ہوں تو بہتر معاشی تعلقات کی بنیاد پر خطے کے 100 ملین لوگوں کو غربت سے نکالا جا سکتا ہے ۔ علاوہ ازیں ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا بھارت اور اسرائیل کے رہنما محض ووٹوں کی خاطر مقبوضہ کشمیر و مغربی کنارے پر قبضہ جمائے رکھنے کے لئے اخلاقی دیوالیہ پن کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ جب وہ مقبوضہ کشمیر اور مغربی کنارے پر عالمی قوانین، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اپنے آئین کے برعکس قبضہ جمائے رکھنے کا نعرہ لگاتے ہیں تو کیا ان کے عوام کو حیرانگی و غصہ نہیں آتا اور وہ ان سے پوچھتے نہیں کہ انتخاب جیتنے کیلئے آخر کس حد تک جائو گے ؟ دریں اثنا وزیراعظم سے بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمد بن محمد الخلیفہ نے ملاقات کی۔ مزید برآں وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر لاہور آئینگے اور نئے پاکستان پروگرام سے متعلق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے ۔وزیر اعظم وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزردار ،سپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی و دیگر سینئر رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کرینگے ۔