پانچ بھارتی ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بی جے پی کو 3ریاستوں میں کانگریس کے ہاتھوں شکست ہو گئی ہے بی جے پی کی شکست کی وجہ دہشت گردی‘ کسانوں کا استحصال ‘ مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ اور انتہا پسند ہندوئوں کو قتل و غارت کی اجازت دینا ہے مودی سرکار نے پانچ سال دور اقتدار میں اپنے ہمسایہ ممالک پاکستان‘ چین اور نیپال کے ساتھ تعلقات کو کشیدہ رکھا، جس کے باعث بھارت میں بھارتی کسانوں نے ساہو کاروں سے کڑی شرائط اورسود پر قرضے لئے بعدازاں اجناس کی کم قیمت لگنے پر فصلوں کو کھیتوں میں آگ لگا دی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صرف مہاراشٹر ریاست میں روزانہ کی بنیاد پر 7کسان خودکشی کر رہے ہیں۔ بھارتی نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی رپورٹ کے مطابق 2014ء میں 5650جبکہ 2004ء میں 18241کسانوں نے موت کو گلے لگایا جبکہ حالیہ پانچ برسوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ مودی سرکار نے پانچ سال کشمیر میں مسلمانوں کا قتل عام جاری رکھا۔ بھارت میں اقلیتوں پر مظالم روا رکھے گئے، جس کے ردعمل میں پانچ ریاستوں میں بی جے پی کا بوریا بستر گول کیا گیا۔ مودی سرکار اگر کسانوں کے ذمے 46کھرب روپے قرض معاف کر دے تو پھربھی 2019ء کے الیکشن میں اسے دہلی کے تخت پر کوئی نہیں بٹھا سکتا۔ نریندر مودی کی پالیسیوں نے آخر انہیں زوال کی طرف دھکیل دیا ہے۔