لاہور(سپورٹس رپورٹر) قومی ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک کا کہنا ہے کہ قطعی طور پر مایوس نہیں ہوں اور اب بھی پاکستان کیلئے پرفارم کرسکتا ہوں۔آل راؤنڈر شعیب ملک کا کہنا ہے کہ دور کے اہداف پر نظر نہیں رکھتا، ورلڈ کپ کے بارے میں نہیں سوچ رہا، بنگلہ دیش کیخلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی پر توجہ مرکوز ہوگی، بطور سینئر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا، نوجوانوں کو مواقع ملنے سے مستقبل میں بھی نئے بابر اعظم ملیں گے ، پاکستان کی جانب سے کھیلنے سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں، میں نے اور محمد حفیظ نے ہمیشہ نوجوان کرکٹرز کی مدد کی، کپتان ہونا ضروری نہیں۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ قطعی طور پر مایوس نہیں ہوں، اب بھی پاکستان کیلئے پرفارم کرسکتا ہوں، سنٹرل کنٹریکٹ پر نوجوان کرکٹرز کا حق ہے ، ان کو طویل عرصہ ملک کی نمائندگی کرنا ہے ، بنگلا دیش سمیت غیر ملکی کرکٹرز پاکستان میں سکیورٹی کے بارے میں پوچھتے ہیں، بنگلہ دیشی کرکٹرز کی اکثریت آنے تیار تھی، یہاں سکیورٹی اور شاندار ماحول دیکھ کر دیگر بھی آئندہ آنے کیلئے تیار ہوں گے ۔