اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) بھارت میں 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل کے معاملے پر ورثا نے انصاف کی فراہمی کیلئے بھارتی ہائی کمیشن میں یادداشت جمع کرا دی ہے ۔ ایم این اے رمیش کمار کی قیادت میں ورثا نے یادداشت بھارتی ہائی کمیشن حکام کو پیش کی اور قتل ہونیوالے افرادکی باقیات دینے کامطالبہ کیا۔ گزشتہ روز ہندوکمیونٹی نے بھارت میں11 پاکستانی ہندوئوں کے قتل کیخلاف وزارت خارجہ کے باہر بھارت کیخلاف احتجاج کیا اورنعرے بازی کی۔مظاہرین نے عالمی اداروں سے انصاف فراہم کرنیکامطالبہ کیا۔ بھارتی ہائی کمیشن کوپیش یادداشت میں ورثانے کہا کہ 11 پاکستانی ہندوئوں کے قتل کے واقعہ کو 6 ماہ گزر چکے ہیں مگر بھارت کوئی جواب نہیں دے رہا۔اس موقع پرڈاکٹر رمیش کمار کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اقلیتی برادری کے ساتھ ہے ، حکومت نے معاملے کو بھارت کے ساتھ اٹھانے کا وعدہ کیا تھا، اگست سے اب تک متاثرین انصاف کے منتظر ہیں، ہندو برادری بھارتی ہائی کمیشن جانا چاہتی ہے ۔بھارتی حکومت ہمارے پیاروں کی باقیات حوالے کرے ۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ بھارت میں 11 ہندو پاکستانیوں کے قتل پر افسوس ہے ،بھارت سے معاملے پر بات کی لیکن رسپانس نہیں ملا، بھارتی حکومت معاملات چھپا رہی ہے ، حکومت پاکستان نے بھارتی حکومت تک آپ کے مطالبات پہنچائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقتول ہندو افرادکے ورثا کے یقین دلاناچاہتاہوں کہ آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ پاکستانی شہریوں کے بھارت میں قتل پر ہر سطح تک جائیں گے ۔ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے کہا کہ 11 پاکستانی ہندوؤں کے قتل پرتشویش ہے ،بھارت کی ان کے قتل سے متعلق فراہم کردہ معلومات نامکمل ہیں۔