پیرس،اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،خصوصی نیوز رپورٹر ،92نیوزرپورٹ )پاکستان کوبلیک لسٹ کرانے کی تمام بھارتی کوششیں ناکام ہو گئیں ،ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کوگرے لسٹ میں برقراررکھنے کافیصلہ سنادیا،پیرس میں فیٹف کاتین روزہ اجلاس ختم ہوگیا،فیٹف نے پاکستان کوفروری 2021تک کی مہلت دیدی ۔تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف کا 3 روزہ ورچوئل اجلاس ہوا جس میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کے خلاف پاکستان کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ورچوئل اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس میں صدر ایف اے ٹی ایف مارکس پلیئر نے بتایا کہ پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں شامل رہے گا ، پاکستان نے 27 میں سے 21 نکات پر عمل کیا تاہم پاکستان کو باقی 6 نکات پر عمل درآمد کرنا پڑے گا۔ اگلے اجلاس سے پہلے چیک کریں گے کہ پاکستان ان نکات پر مؤثر طریقے سے عملدرآمد کررہا ہے یا نہیں، جب پاکستان تمام 27 نکات پر عمل درآمد یقینی بنا لے گا تب ایک ٹیم پاکستان کا دور ہ کرے گی جس کا مقصد زمینی حقائق کا جائزہ لینا ہوگا۔مارکس پلیئر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے جن 6 نکات پر عمل کرنا ہے ، وہ بہت اہم ہیں، حکومت پاکستان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان پرعملدرآمد کرے گی اور پاکستان نکات پرعملدرآمد کے حوالے سے پیشرفت کررہا ہے ۔ایف اے ٹی ایف نے ایکشن پلان پرپیشرفت میں پاکستانی اقدامات کی تعریف کی،صدرفیٹف نے کہا پاکستان کوبلیک لسٹ میں ڈالنے کی ضرورت نہیں، پاکستان کوکارکردگی کاموقع نہ دینا غیر منصفانہ ہوگا،اگلے اجلاس میں پاکستان 6مطالبات پورے کرنے پرگرے لسٹ ست نکل جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ ایران اور شمالی کوریا کا نام بلیک لسٹ میں رہے گا تاہم آئس لینڈ اور منگولیاکا نام گرے لسٹ سے نکال دیا ،ورچوئل پریس کانفرنس میں بوکھلائے بھارتی صحافیوں نے صدرفیٹف پرسوالات کی بوچھاڑکردی۔ماہرین نے کہا کہ یہ پاکستان کی سفارتی فتح ہے ،انڈیا کو منہ کی کھا ناپڑی ہے ، فیٹف نے بھارتی کوششوں کو مسترد کر دیا ۔بین الاقوامی برادری نے پاکستانی کوششوں کو بھرپور سراہا ہے ۔ د نیا نے دہشت گردی اور منی لانڈرنگ کیخلاف پاکستانی اقدامات کو بھی سراہا ہے ،بھارتی پراپیگنڈا بری طرح ناکام ہو گیا ،یہ پاکستان کی ایک بڑی کا میابی ہے ،انڈیا نے ہر سطح پر پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈ لوانے کی بڑی کوشش کی لیکن بری طرح ناکام رہا۔ وزارت خزانہ کے مطابق فیٹف نے پاکستان کی طرف سے تمام نکات پر پیش رفت کی تعریف کی ہے اور ایکشن پلان کے زیادہ تر حصے پر عملدرآمد کا اعتراف کیا ہے ، پاکستان نے ایکشن پلان کے جن نکات پر عملدرآمد کیا وہ مالیاتی شعبے میں نہایت اہم ہیں ، پاکستا ن فروری 2021تک ان نکات پر باقی کام کو مکمل کر لے گا ، ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر نے ٹیم کی قیادت کی اور موثر انداز میں اپنا کیس موثر انداز میں پیش کیا۔حماد اظہر نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر شاندار کارکردگی دکھائی ہے ، دن رات محنت کرنے پر وفاقی اورصوبائی ٹیموں کو مبارک باد دیتا ہوں ، ایک سال میں اکیس نکات پرعملدر آمد بڑی کامیابی ہے ۔