لاہور،اسلام آباد،نارووال(سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے کہا ہے بی آرٹی میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بجائے عمران صاحب اپنے وزیروں اور مشیروں سمیت استعفیٰ دیں۔معیشت کا دیوالیہ نکال کر، روٹی ، روزگار ، کاروبار، اور صنعت بند کرکے یہ غلطی ہو گئی کہہ کر بھاگ جائیں گے لیکن اب انہیں بھاگنے نہیں دیں گے ،غلطی ہوگئی کہنے سے معافی نہیں ملے گی، عمران صاحب 125 ارب لگا کرکہتے ہیں غلطی ہوگئی؟، کوئی شرم، کوئی حیاء کوئی استعفیٰ؟۔ نارووال میں میڈیاسے گفتگو میں احسن اقبال نے کہامیڈیا میں کردار کشی کے ہتھکنڈوں سے مرعوب ہونگے نہ حفاظتی ضمانت کرائونگا،عمران کی فرعونیت کا مقابلہ کریں گے ،عمران نیازی چھاپے مارنے کی ضرورت نہیں، گرفتاری دینے کے لیے ہر وقت تیار ہوں،جیلیں ہمیں اپنے مقصد اور جدوجہد سے نہیں روک سکتیں،نیب کو میرا چیلنج ہے ثابت کرے 1993 میں جب میں پہلی بار ایم این اے بنا اس وقت میرے اثاثے زیادہ تھے یا آج زیادہ ہیں،میری کردار کشی کی مہم شروع کر دی گئی،سپورٹس سٹی منصوبہ2009میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے پاس کیا تھا،یہ شروع کرنا جرم ہے یا اسکو برباد کرنا جرم؟،متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر 2020کو الیکشن کا سال بنائیں گے ۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کے مشیر کے بی آرٹی میں غلطیاں تسلیم کرنے کے بیان پر ردعمل میں کہا عمران صاحب کی نالائق اور نااہل حکومت نے پاکستان کو بدترین حالات کی دلدل میں دھکیل دیا ہے ،عمران صاحب ملک کا بیڑہ غرق کرکے یہ ہی کہیں گے غلطی ہوگئی، پہلی حکومت تھی ؟ ۔ عوام کے ایک سو پچیس ارب کے بدلے پشاور میٹرو کے کھڈے ؟،غلطی نہیں، استعفی اور حساب دیں؟، عمران صاحب پوری نالائق حکومت پر کیس بنایاجائے ، ایک سوپچیس ارب میں سکول اور ہسپتال بن جاتے ، شہبازشریف نے نوے ارب میں چار میٹروز بنائیں،قوم خبردار رہے ! عمران صاحب نے ملک کا سواستیاناس کرکے ایک دن اسی طرح غلطی تسلیم کرتے ہوئے فرار ہوجانا ہے ، جن چند پاکستانیوں نے پی ٹی آئی کو ووٹ دیا تھا وہ توبہ کرتے ہوئے آج اﷲ تعالی سے اپنی غلطی کی معافی مانگ رہے ہیں ۔سولہ ہزار ارب کا تاریخی قرض، چودہ فیصد مہنگائی، ترقی کی شرح اڑھائی فیصد، بجلی کی قیمت میں سو اور گیس کی قیمت میں دو سو فیصد اضافہ،خیبرپختونخوا احتساب کمیشن کو تالا لگادیا، طالبعلموں سے تعلیم، مریضوں سے مفت علاج اور عوام سے روٹی روزگار چھین کرکہتے ہیں غلطی ہوگئی؟۔ فیاض چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا فیاض چوہان نے وفاق ،پنجاب اور سینیٹ میں حکومتی بے بسی کا اعتراف خود ہی کرلیا،جہازوں میں بھر بھر کے لائے سرخیلے لوگ ہمیشہ موسمی پرندے ثابت ہوتے ہیں،ڈیرھ سال میں جنوبی پنجاب صوبے پر بے بس حکومت کوئی کام نہیں کر سکی،فیاض چوہان کا بیٹے کے نمبر لگوانے کے بعدذہن کام کرنا بند کر گیا،عمران خان میں جرات ہے توچار روز سے مفرور بھانجے کو خود پولیس کے حوالے کرائیں،حسان نیازی کو عمران خان نے خود بھگایا ۔