بیجنگ(نیٹ نیوز )شمال مشرقی چین میں ہیشان کاؤنٹی کی رہائشی 15 سالہ نوجوان لڑکی ایک ایسی بیماری میں مبتلا ہے کہ وہ دکھنے میں ایک بوڑھی خاتون کی طرح نظر آتی ہے اور اس بیماری نے اس کے روز مرہ معاملات زندگی کو بری طرح متاثر کر کے رکھ دیا ہے ۔چینی میڈیا کے مطابق شیاؤ فینگ نامی لڑکی ایک سال کی عمر سے ’ہٹچنسن گلفورڈ پروگیرہ سینڈروم‘ نامی بیماری میں مبتلاہے ، یہ بیماری بہت کم لوگوں میں پائی جاتی ہے ۔ بیماری کی وجہ سے شیاؤ فینگ کے چہرے پر جھریاں واضح اور جلد پوری طرح ڈھلک گئی ہے اور وہ دکھنے میں 60 سالہ بوڑھی خاتون لگتی ہے ۔نوجوان لڑکی کا کہنا ہے کہ ان کی یہ بیماری ایک جینیاتی بیماری ہے اوروہ اپنی کلاس میں سب سے مختلف دکھتی تھیں جس کی وجہ سے انہیں سکول چھوڑنا پڑ گیا۔لڑکی کے والد کا کہنا ہے کہ فینگ کی والدہ کو بھی یہی بیماری لاحق تھی اوران کی بیٹی کو بھی یہ بیماری وراثت میں ملی۔شیاؤ فینگ کے والدین کسان ہیں اوراس کے علاج کے لیے ڈاکٹرز نے 72 ہزار ڈالرز کی سرجری بتائی ہے ۔