کراچی(نیٹ نیوز)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اس سال کسی صورت بغیر امتحانات کے بچوں کو اگلی کلاسوں میں پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔گزشتہ روزوفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت چاروں صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے مزید کہا کہ ہماری تجویز ہے کہ تمام تعلیمی ادارے بند نہ کئے جائیں، اگر ایسا کرنا ہے تو پرائمری سکولز جن میں انرولمنٹ 73 فیصد ہے ان کو بند کیا جائے ۔انہوں نے مزید تجویز پیش کی کہ کلاس 6 اور اس سے آگے کی تمام کلاسز کو جاری رکھا جائے جبکہ نہم، دہم، گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات مئی اور جون میں لینے کا فیصلہ نہ کیا جائے ، آگے کی صورتحال کو دیکھ کر بعد میں فیصلہ کیا جائے ۔ جو سکولز آن لائن تعلیم دینا چاہتے ہیں وہ آن لائن تعلیم جاری رکھیں لیکن جو والدین بچوں کو سکول نہ بھیجنا چاہیں تو انکے بچوں کیخلاف سکولز کو ایکشن نہ لینے کاپابند کیا جائے ۔ تعلیمی اداروں میں تمام غیر تدریسی سرگرمیاں اس سال مکمل طور پر بند کر دینی چاہئیں۔ چھوٹے نجی سکولز کو مالی ریلیف کیلئے بینکوں سے آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں، سکولوں کیساتھ ساتھ ہمیں ٹیوشن اور کوچنگ سنٹرز کو بھی اس میں شامل کرنا چاہئے ۔ نجی سکولوں کو بدحالی کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے قرضوں پر سود وفاقی حکومت ادا کرے ۔