لاہور ،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خبر نگار خصوصی ،نامہ نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر مہنگائی، بے روز گاری ، آٹے و چینی کے بحران کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور عوام نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔سراج الحق نے کہا کہ یہ احتجاج عوامی عدالتوں کا آغاز ہے ، حکمرانوں نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا ،عوام سے دو وقت کا کھانا بھی چھین لیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پانچ مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ منصورہ کے سامنے بڑے احتجاجی مظاہرے کی قیادت سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور ذکر اللہ مجاہد نے کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر العظیم نے کہا کہ حکمران دعوو ں ، نعروں اور اشتہارات کے ذریعے عوام کو سبز باغ دکھاتے رہے لیکن عملاًعوام کو مہنگائی کی چکی میں پیستے اور عوام کا خون نچوڑ کر آئی ایم ایف کو پلاتے اور اس کی نہ بجھنے والی پیاس بجھانے کی کوشش کرتے رہے ،یہ اشتہاری لوگ ہیں ،ان کی جگہ اقتدار کے ایوان نہیں کوٹ لکھپت اور اڈیالہ جیل ہے ۔ ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ 72سا ل سے اقتدار پر ایک ہی مافیا قابض ہے ،حکومتیں بدلتی ہیں مگر یہ مافیا نہیں بدلتا ، امیر جماعت اسلامی سوات محمد امین اور صہیب شریف نے بھی خطاب کیا۔ جامع مسجد منصورہ میں خطاب کرتے ہوئے حافظ محمد ادریس نے کہا کہ عوام مہنگائی بے ر وزگاری ،بدامنی اور دیگر مسائل سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔ اسلام آباد کے پر یس کلب کے سامنے بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت میاں محمد اسلم نے کی۔ مظاہرے سے خطاب کر تے ہو ئے میاں محمد اسلم نے کہا پی ٹی آئی حکو مت آنے کے بعد ملک میں ہر طر ح کا بحران پیدا ہو گیا ہے لگتا ہے یہ حکو مت اس قوم پر اللہ کا عذاب بن کی نازل ہو ئی ہے ۔ نصراللہ رندھاوا ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ راولپنڈی کے دیگر مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے ۔ کراچی سمیت سندھ بھر میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے جامع لعل مسجد جوڑیا بازار میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل کو حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئے ، مہنگائی، بیروزگاری نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ پشاور سمیت صوبہ بھر میں سیاسی جماعتوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں ، پشاور میں پختونخوا جمہوری اتحاد نے ریلی نکالی ، جماعت اسلامی نے پشاور پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا گیا ۔ جمعیت علمائے اسلام کی اپیل پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔ لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے حکومت کی کرپشن اور ہڑپشن کی تصدیق کردی ہے ،حکومت کی طرف سے رپورٹ کو مسترد کرنا "میں نہ مانوں" کے مصداق ہے ،حکومت اپنی اصلاح کرنے کو تیار نہیں حکمران آئینہ توڑنے کی بجائے اپنے چہرے پر لگے داغ صاف کریں، آج کا ملک گیر احتجاج عوامی عدالتوں کا آغاز ہے ،مہنگائی ،بے روزگاری اور کرپشن کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ عدالتیں ہر جگہ لگیں گی۔پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا اعلان کرنے والوں نے مکہ اور مدینہ جانا مشکل بنادیا ہے ، ملک میں گندم کے گودام بھرے پڑے ہیں مگر لوگوں کوآٹا نہیں مل رہا ،گندم درآمد کرنے کے فیصلے کے پیچھے بھی کرپشن کا منصوبہ ہے ۔ملک پر لینڈ،آٹا اور شوگر مافیا کی حکومت ہے جو عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر اربوں روپے لوٹ رہے ہیں۔