لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور میں آٹے کی قلت کا خدشہ ہے ، چکی مالکان نے قیمت میں چار روپے کلو کا اضافہ کر دیا ہے ۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ شہرمیں آٹا وافرموجودہے ، حکومت قلت پیدا کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے جبکہ چکی آٹا مالکان کا کہنا ہے کہ شہر میں گندم کی قیمت 2080روپے ہو گئی ہے جس وجہ سے قیمت میں 4روپے کلو اضافہ کیا جس میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے آٹے کے بیس کلو تھیلے پر تین روپے کی کمی تو کی گئی مگر آٹا مارکیٹ سے ہی غائب ہو گیا ۔شہر کے بیشتر علاقوں سے آٹا غائب ہے جسکے بعد چکی کا آٹا 64 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے ، آٹے کی قلت کے حوالے سے شہری پریشان نظر آتے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں آٹے کا بیس کلو گرام کا تھیلا نہیں مل رہا۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین عاصم رضا کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں ملوں کی طرف سے آٹے کی کوئی قلت پیدا نہیں کی گئی ، حکومت قلت کا سبب بننے والوں کے خلاف کارروائی کرے ۔