اسلام آباد ( 92 نیوزرپورٹ، وقائع نگار خصوصی، وقائع نگار، مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی نے امریکی صحافی سنتھیا رچی کے بینظیر بھٹو پر الزامات کیخلاف اندراج مقدمہ کیلئے درخواست دائر کر دی ۔پی پی ضلع اسلام آباد کے صدر ایڈووکیٹ راجہ شکیل احمد عباسی نے سنتھیا کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج نہ ہونے پرسیشن کورٹ میں درخواست جمع کرائی۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے سنتھیا کو نوٹس جاری کر دیا، عدالت نے سنتھیا کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا جبکہ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو بھی نوٹسز جاری کرتے ہوئے 9 جون تک جواب طلب کر لیا۔علاوہ ازیں سینیٹر رحمٰن ملک اور مخدوم شہاب الدین نے بھی سنتھیا کے الزامات کی تردید کر دی۔ رحمٰن ملک کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا رحمٰن ملک سنتھیا ڈی رچی کے من گھڑت، بیہودہ اور نازیبا الزامات کا جواب دینا اپنی توہین سمجھتے ہیں، الزامات کا مقصد انکی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے ، خاتون نے یہ الزامات کسی مخصوص فرد یا گروہ کے اکسانے پر لگائے ہیں۔رحمٰن ملک کے بیٹوں نے آزادانہ طور پر اپنے وکیلوں سے قانونی رائے مانگی ہے تاکہ خاتون کیخلاف قانونی کارروائی اور ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا جا سکے ۔مخدوم شہاب الدین نے کہا سنتھیا سستی شہرت کیلئے اس طرح کے بے بنیاد الزامات لگا رہی ہیں، میں خواتین کی بے پناہ عزت اور احترام کرتا ہوں اور انہیں مارنے پیٹنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔خاتون سے پوچھا جائے کہ وہ اتنا عرصہ خاموش کیوں رہیں؟ سنتھیا نے ٹویٹ کی کہ اپنی باتیں ثابت کرنے کیلئے عدالت میں پیش ہونے کوتیارہوں، جلد اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت بھی کرونگی۔سنتھیا نے ایف آئی اے کو تحریر بیان میں کہا بلاول بھٹو کو مستقبل کا طاقتور لیڈر دیکھتی ہوں اور ڈاکیومنٹری میں انکا انٹرویو کرنا چاہتی تھی، پیپلز پارٹی سے لڑنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے اپنے ردعمل میں کہا پاکستان میں ذاتی حیثیت میں مقیم بعض امریکیوں کے معاملات پرتبصرہ نہیں کرسکتے ، امریکی سفارتخانہ پاکستان میں تمام امریکیوں کومناسب خدمات اورسپورٹ فراہم کرتاہے ۔