لاہور،فیصل آباد، کراچی، لاڑکانہ، نوڈیرو (نمائندہ خصوصی سے ،سٹاف رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، نمائندگان 92نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کی سابق چیئرپرسن اور سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہیدکی 14ویں برسی آج منائی جائے گی۔اس موقع پر ملک گیر تقریبات ہونگی جبکہ برسی کی مرکزی تقریب گڑھی خدابخش میں ہوگی جس میں ملک بھر سے پارٹی رہنما اور کارکن شریک ہوں گے ،مختلف شہروں میں قرآن خوانی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔برسی تقریبات میں حصہ لینے کیلئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے قافلے بذریعہ ٹرین اور سڑک گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سابق صدر قمر زمان کائرہ،چودھری منظواوردیگر رہنماء سڑک کے راستے پہنچے جبکہ سینکڑوں جیالے کراچی ایکسپریس سے پہنچے ۔گڑھی خدا بخش میں جلسہ گاہ اور60 فٹ چوڑے سٹیج کو پارٹی پرچموں اورقائدین کی تصاویر سے سجادیاگیا۔ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری وزیراعلیٰ سندھ کیساتھ نوڈیرو بھٹو ہاؤس پہنچ گئے ،وہ آج جلسہ عام سے خطاب کرینگے ،پی پی ذرائع کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری برسی تقریبات میں شرکت نہیں کررہے جبکہ پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بھی ملتوی کردیا گیا جو آئندہ ماہ پہلے ہفتے میں کراچی میں متوقع ہے ،برسی کی مناسبت سے 32 ایس ایس پیزکی زیرنگرانی 7 ہزار پولیس، لیڈیز پولیس،ٹریفک اہلکاروں اورکمانڈوز کو نوڈیرو،گڑھی خدا بخش کے داخلی و خارجی راستوں پرتعینات کیا گیا ہے ۔لبرٹی گول چکر لاہور پرآج پیپلزپارٹی کے کارکنان اور سول سوسائٹی کی جانب سے شہید محترمہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے شمعیں روشن کی جائیں گی اور دعائیہ تقریب ہوگی۔ادھر شریک چیئرمین پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز آصف زرداری نے بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر اپنے پیغام میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کی تجدید کی کہ محترمہ شہید کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے ، ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ کرکے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ ملک ہمارے لئے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے ہے اور اس کی آزادی ، وقار خودداری، اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ، آج ملک خطر ناک صورتحال سے گذررہا ہے ، معیشت تباہ ہو گئی ، خارجہ امور زبوں حالی کا شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے ،2013 کے بعد مسلسل پارلیمنٹ کے اختیار پر حملے ہو رہے جس کیخلاف پیپلزپارٹی مزاحمت کر رہی ہے ،پیپلزپارٹی کی قیادت نے تباہ حال ملک کی دوبارہ تعمیر کی ، ملک کو بچایا، اب اسے مشکلات سے نکالے گی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا بینظیر بھٹو تحریک کانام ا ور مشعلِ راہ ہے ، ان کا روالپنڈی میں قتل صرف عوام کو غربت، بیروزگاری اور ناانصافیوں سے نجات دلانے کے خواب کا قتل نہیں تھا بلکہ پوری قوم کو قتل کرنے کی سازش تھی۔اُس گھناؤنی سازش کو آصف زرداری نے "پاکستان کھپے " کے نعرے سے ناکام بنایا ۔ شہید محترمہ نے اپنی جدوجہد کے دوران آمریتی کرگسوں کے ہاتھوں اپنے والد، دو بھائیوں ، حتیٰ کہ اپنی والدہ کو گنوایا اور خود بھی زندگی کی آخری گھڑی تک بلا خوف و خطر جمہوریت کی لڑائی لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، آج کا دن عہد کرنے کا دن ہے کہ پاکستان سے دہشتگردی و انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے ، جمہوریت کی مضبوطی، آئین و پارلیمان کی بالادستی اور معاشرتی مساوات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے کیونکہ شہید محترمہ کو اس کے علاوہ خراج عقیدت پیش کرنے کا کوئی طریقہ نہیں ہوسکتا۔