اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر)پاکستان کوعالمی مالیاتی اداروں سے ایک ارب ڈالرموصول ہوگئے ، جس سے کورونا وبا کے دوران لاک ڈائون سے معیشت کو پہنچنے والے نقصانات پر قابو پانے میں مدد ملے گی جبکہ کرنٹ اکائونٹ سرپلس ہو گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک نے کہا کہ کوویڈ 19 ایکٹورسپانس اینڈ ایکسپینڈیچر سپورٹ پروگرام کے تحت پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالرایشیائی ترقیاتی بینک اور پچاس کروڑڈالرعالمی بینک سے موصول ہوئے ۔ سٹیٹ بینک نے بتایاکہ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ مثبت ہوگیا ہے ،رواں سال اپریل میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 53کروڑ ڈالر تھا جبکہ گزشتہ سال مئی میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ ایک ارب 4 لاکھ ڈالر تھا۔مرکزی بینک کے مطابق رواں سال مئی میں کرنٹ اکائونٹ ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالر سرپلس ہے ۔ جبکہ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان مجموعی ترسیلات زر کا 93 فیصد حصہ 10 ممالک سے وصول کرتا ہے ۔ خلیجی ممالک سے موصول ہونے والی ترسیلات زر کا حصہ 53 فیصد سے زیادہ ہے ، سب سے زیادہ ترسیلات زر بھیجے والے ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ اور دیگر خلیجی ممالک وغیرہ شامل ہیں۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ کو رونا کے باعث عالمی سطح پر کاروباری مندی کی وجہ سے ترسیلات زر کی وصولی میں کمی کا خدشہ ہے ۔