پشاور(خبرنگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہاہے بی آر ٹی کا لاہور میٹرو سے موازنہ نہ کیاجائے یہ 4گنابڑا منصوبہ ہے ۔ وزیر ٹرانسپورٹ کے پی کے شاہ محمد خان اور معاون خصوصی بلدیات واطلاعات کامران بنگش کیساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ن لیگ نے سریا، سیمنٹ بھی اپنا بیچنا ہوتا ہے ،اگر اس منصوبے میں شریف فیملی شامل ہوتی تو اس کی لاگت 300ارب روپے ہوتی تاہم پی ٹی آئی حکومت نے اتنے بڑے منصوبے کو 70ارب میں مکمل کیا۔لاہور میٹرو کی بسیں کرائے کی جبکہ بی آرٹی کی اپنی ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے احتساب کا نعرہ بلند کیاہے اگر بی آر ٹی منصوبے میں کسی قسم کی کوئی بے قاعدگی پائی گئی تو احتساب کیلئے تیار ہیں۔ کامران بنگش نے کہا آج کا دن تاریخی ہے ، ہمارے خلاف پراپیگنڈا کیا گیا۔