لاہور(نمائندہ خصوصی سے، سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں ) صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ کل شریف میڈیکل سٹی میں ادا کی جائے گی۔صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف بڑے بھائی نواز شریف سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران آبدیدہ ہوگئے ، نواز شریف نے انہیں حوصلہ دیا ۔ دونوں بھائیوں میں نماز جنازہ اور تدفین کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ نواز شریف نے میت کے اجازت نامے سے متعلق شہباز شریف کو آگاہ کیاکہ لندن میں سرکاری پیپر ورک مکمل کرلیاگیا، شہبازشریف نے سلمان شہباز سے بھی گفتگو کی۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو آج دوپہردو بجے 5یوم کیلئے پیرول پر رہا کیا جائیگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کابینہ کی سفارشات پر بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی5روزکیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی، جیل سے رہائی کے بعد شہباز شریف اور حمزہ شہباز بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ ودیگر رسومات میں شرکت کریں گے ۔بیگم شمیم اختر مرحومہ کی تدفین کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے رانا ثناء اﷲ کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں طے پایا کہ تدفین کے موقع پر موجود تمام لوگوں کو کورونا ایس او پیز کی لازمی پابندی کرنا ہوگی جبکہ شریف خاندان کے لوگوں کے لئے تدفین کے موقع پر الگ جگہ مختص کی جائے گی۔