اسلام آباد،لاہور،کرچی(وقائع نگار خصوصی،کامرس رپورٹر،سٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی آٹھویں برسی بدھ کو اسلام آباد ،لاہور،کراچی سمیت ملک بھرمیں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی اور دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔ اسلام آباد میں پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی پالیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل سینیٹر فرحت اللہ بابر اور سابق صدر آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو نے ملک، قوم اور جمہوریت کے لئے اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ پیپلز پارٹی پنجاب سیکرٹریٹ لاہور میں دعائیہ تقریب میں چودھری اسلم گل، نوید چوہدری ،ثمینہ خالد گھرکی،منور انجم، صغیرہ اسلام، عزیزالرحمن چن ،علامہ یوسف اعوان ،الطاف قریشی، ڈاکٹر خیام، مانی پہلوان ،عارف خان، صداقت شیروانی، امجد جٹ،سونیا خان، شہناز کنول، علی احسن رضا عابدی، ناصرہ شوکت رانا سمیت سینکڑوں جیالوں نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل چودھری منظور احمدنے کہا نصرت بھٹو نے ضیاء آمریت کے خلاف جدوجہد میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کیا۔ کراچی میں پیپلز سیکرٹریٹ میں قرآن خوانی و دعا کا اہتمام کیا گیا ۔اس کے علاوہ نوڈیرو، ٹنڈومحمد خان ، جیکب آباد اوردیگرشہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔