ملتان (سپیشل رپورٹر،این این آئی)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیارے نبیﷺ کو ہرصفت عروج کے اعلیٰ ترین درجہ پر عطاہوئی،آپؐ رہتی دنیا تک سب سے بڑے قانون دان ، جرنیل ، حکمران اور سیاستدان ہیں،ہمیں حضوراکرمﷺ کی زندگی کے مختلف پہلوئوں سے رہنمائی تلاش کرنی ہے ،موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایک فلاحی ریاست کے لئے کوشاں ہے ۔ ان خیالات اظہار انہوں نے وزیرتوانائی پنجاب ڈاکٹر اخترملک کی رہائش گاہ پر سیرتؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا حضرت محمدؐ نے ایک فلاحی اوررفاہی ریاست قائم کی،اسی نظام کوآج یورپ اورپوری دنیا میں فلاحی ریاست کے نام سے پیش کیا جاتا ہے ،موجودہ حکومت ریاست مدینہ کے حوالے سے ایسی ہی فلاحی ریاست کے لئے کوشاں ہے اور صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام فلاحی ریاست کی طرف پیش قدمی ہے ۔انہوں نے کہا پاکستان کو بہت بڑے امتحان درپیش ہیں اور وطن عزیز کو بڑی آزمائشوں کا سامنا ہے ۔ پاکستانی گواہ ہیں بیرون ملک پاکستانیوں کی عزت و تکریم میں اضافہ ہوا ہے ۔مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بہتر خارجہ پالیسی کا انحصار ملک کی مضبوظ معیشت پر ہے ،معیشت کو ڈنڈے کے زور پر ٹھیک نہیں کیا جاسکتا عوام کی قوت خرید میں اضافہ ہوگا تو تاجر خوشحال ہونگے ۔ دریں اثناگورنر سندھ عمران اسماعیل شاہ محمود قریشی کے گھر پہنچے اور ان کی ہمشیرہ اور کزن کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، مغفرت اور بلندی درجات کیلئے فاتحہ خوانی کی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔