فیصل آباد(ذیشان خان) وفاقی حکومت نے چھوٹے ایکسپورٹرز کی سہولت کے لئے بڑے ایکسپورٹرز سے کوئلہ ، کوک اور کاربن بلاک خریدنے کی اجازت دے دی۔ ایکسپورٹرزاپنی ضرورت کے لئے منگوائے جانے والے کوئلے ، کوک او رکاربن بلاک کو ذاتی استعمال کی بجائے دیگر ایکسپورٹرز کو بھی فروخت کرسکیں گے ۔اس سلسلے میں ایکسپورٹ اورینٹڈ اینڈ سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز رولز 2008 کے رول نمبر دو کے سب رول ایک کی شق ایف ،رول نمبر 10کے سب رول ایک کی شق ا ے ون میں ترمیم کی گئی ہے ۔فروخت سے قبل متعلقہ کسٹمز کلکٹر کو باقاعدہ درخواست دینا ہوگی جس میں فروخت کنندہ اورخرید کنندہ ایکسپورٹر کی تمام معلومات، رقم سے متعلق بتایا جائے گا ، متعلقہ کسٹم کلکٹر کسی ایکسپورٹ کرنے والے ادارے کو مذکورہ مال فروخت کرنے یا نہ کرنے کی اجازت دینے یا نہ دینے کے اہل ہوں گے ۔