لاہور( وقائع نگار )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ساتھ بلوچستان کی ترقی بھی عزیز ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب کی سرکاری ، نجی یونیورسٹیوں میں بلوچستان کے طلبا کا کوٹہ مخصوص ہے ، بڑے بھائی کی حیثیت سے پنجاب بلوچستان کی مدد اورمعاونت کیلئے ہروقت تیار ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان کے وزیر خزانہ ظہور احمد بلیدی اور وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل کی قیادت میں ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد نے بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے مثالی اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا، وزیر خزانہ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پاکستان کے استحکام،ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کا جذبہ قابل تحسین ہے اور انہوں نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے ۔ وزیر صنعت بلوچستان نے کہا کہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وزیراعلیٰ بزدار کی خدمات قابل تحسین ہیں ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی 8 ویمن یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کیلئے کوٹے میں اضافہ کر دیا ہے ، ویمن یونیورسٹیوں میں بلوچستان کی طالبات کیلئے 360 سیٹیں مختص کر دی ہیں،پنجاب حکومت نے خیر سگالی کے طور پر بلوچستان میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں ، پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے ، ہمیشہ بلوچستان جا کر محبت دیکھی ۔ وزیر اعلیٰ نے اچھی کارکردگی، سائلین کی داد رسی پر تھانہ سیالکوٹ ایئر پورٹ کے عملے کو شاباش دی اور ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو ایک لاکھ روپے کا نقد انعام دیا ہے ،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈی پی او سیالکوٹ نے ایس ایچ او، فرنٹ ڈیسک کے عملے اور دیگر اہلکاروں کو نقد انعام ،تعریفی اسناد بھی دیں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ تھانہ کلچر میں نمایاں تبدیلی آئی ہے ،اچھی کارکردگی پر انعام ، سائلین کی دادرسی نہ کرنے والوں کو سزا ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے پاک بحریہ کے سابق سربراہ ایڈمرل(ر) فصیح بخاری اور سینئر صحافی سید آصف علی فرخ کے انتقال دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ،وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے صحافی سید صداقت علی شاہ کی والدہ کے انتقال پر بھی دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔