لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بے مقصد احتجاج اور دھرنوں کے باعث قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیاہے ۔جن عناصر نے اس نازک موقع پر اسلام آباد میں احتجاج کیا، قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جب ملک میں اتحاد اور اتفاق کی ضرورت ہے ، اس وقت بلاجواز افراتفری پھیلانے کی کوشش قومی مفادات کے منافی ہے ۔ وزیراعظم کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے اور کسی کو پاکستان کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں بلکہ استحکام کی ضرورت ہے ۔اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو 5 سال کا مینڈیٹ دیا ہے اورحکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔موجودہ حالات میں جوش نہیں بلکہ ہوش کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے اور قوم کی خوشحالی کیلئے منفی سیاست سے قطع تعلق کرنا ہو گا۔علاوہ ازیں نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے وفاق نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مشترکہ اقدامات کا فیصلہ کرلیا ۔ اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور معاون خصوصی یوتھ افئیرز عثمان ڈار کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں کامیاب جوان یوتھ پروگرام سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔نوجوانوں کو با اختیار بنانے میں صوبائی سطح پر کوششوں میں تیزی لانے پر مشاورت کی گئی ۔