قاری اور لکھنے والے کا رشتہ بھی عجب ہے۔ اِک دوجے سے دْور ہونے کے باوصف بھی کوئی لمس ہے کہ محسوسات کی ترسیل کیا کرتا ہے۔ کسی مضمون کا خیال میں آنا، پھر اس کا لفظوں میں اور جملوں میں ڈھل کر قرطاس پر اْترنا۔ اس کا کاتب یا کی بورڈ پر اْنگلیوں کی پوروں کی لطیف ضربات لگاتے کمپوزر کے ہاتھوں بارِ دگر لکھا جانا اور پھر کاغذ پر چھپ کر اخبار، رسالے یا کتاب کی صورت قاری تک پہنچنا۔ روشنائی اور کاغذ کی خوش بْو میں بسے حرف کتاب یا اخبار کی صورت تھام کر جب قاری پڑھتا ہے تو ایک ایسے لمس سے آشنائی پاتا ہے جس میں لکھنے والے کی کیفیات کی بھینی بھینی باس ہوتی ہے۔ آپ نے کبھی تازہ اخبار کی تہہ کھول کر اسے سونگھا ہے؟ نئی طبع شدہ کتاب کو یونہی بے سوچے سمجھے کہیں سے بھی کھول کر اس میں یوں منہ چھپایا ہے کہ آپ کی ناک تو جلد بندی کے درز میں پیوست ہوتی ہو اور کتاب کے صفحات آپ کے رْخساروں کا بوسہ لیتے ہوں؟ یقین کیجئے اس سے بڑا نشہ کوئی نہیں۔ اخبار و کتاب سے حصولِ اطلاع و علم اپنی جگہ مگر ان میں بسی خوش بْو کا سْرور بھی جادو کا رکھتا ہے۔ اچھا اب کسی پرانی لائبریری میں چلئے۔ اس کی شیلفوں میں سطریں باندھ کے پڑی کتابوں میں سے کسی ایک کو اْٹھا کر کھولئے۔ اس کے صفحات کا رنگ اور خوش بْو آپ کو بتاتے ہیں کہ ان پر کتنا زمانہ گزر چکا۔ پرانی کتابوں کے صفحات کے مابین جو بے مکانی ہوتی ہے، وہ دراصل گزرے وقت کا مکاں ہے۔ یہاں وقت سوتا ہے اور جب کبھی آپ کتاب کھولتے ہیں تو یہ انگڑائی لے کر بیدار ہوتا ہے اور آپ کو اپنی عمر کا پتہ دیتا ہے۔ یہ تمام تر راز قاری پر کتاب یا اخبار کے لمس سے ارزاں ہوتے ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم تیزی کے ساتھ اس لمس سے محروم ہوتے چلے جارہے ہیں اور وہ دن دْور نہیں جب اس لمس کو ہم یک سر فراموش کر بیٹھیں گے۔ تین ہزار سال قبل مسیح میں آگ سے پکی مٹی کی پلیٹوں پر کتاب لکھنے کا جو سلسلہ شروع ہوا تھا اور جو کاغذ اور چھپائی کی ایجاد کے بعد پانچ ہزار برس کا سفر کرکے یہاں تک پہنچا ہے، ای بْک کلچر اور پی ڈی ایف کے ہاتھوں دم توڑ دینے کو ہے۔ اخبارات اور کتابوں کی تعدادِ اشاعت کم سے کم ہوتی جارہی ہے۔ یہ نہیں کہ ان کی خواندگی کم ہوئی ہے۔ اخبار اور کتاب دیکھنے والوں کی تعداد بڑھی ہے مگر قاری و اخبار کے مابین وہ لمس اب عنقا ہوتا چلا جارہا ہے جس کا اوپر تذکرہ ہوا۔ اب کتاب اور اخبار سکرینوں پر پڑھی جاتی ہے۔ ٹھنڈی، بے روح سکرین. حرف و جملے خانماں برباد ہوگئے ہیں۔ پہلے حرفوں کو روشنائی کا لبادہ اور کاغذ کے سینہ پر جو آشیاں میسر ہوتا تھا، وہ اب نہیں ہے۔ سکرین پر پڑھتے پڑھتے آپ نے واپسی کے نشان پر چھوا تو وہ حرف جو ابھی آپ کی خواندگی میں تھے، کہیں لامکاں کو کوچ کر جاتے ہیں. میسر ہوتے ہیں مگر موجود نہیں، دست یاب مگر وجود اور لمس سے عاری۔ نئی نسل کی تو خیر اب چھپے ہوئے لفظ اور کاغذ کے لمس سے آشنائی بہت کم ہوتی چلی جارہی ہے مگر مجھ ایسے ادھیڑ عمریئے کہ جنہوں نے حرفوں کے لمس اور خوشبو کی اسیری میں عمر کاٹی ہے، وہ بھی اب ان بے وجود و بے مکاں حروف کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ میرے فون میں وٹس ایپ کے چند گروپ ایسے ہیں جہاں سویرے ہی سویرے روزانہ اخبارات پی ڈی ایف فارم میں پوسٹ ہوتے ہیں۔ اب سویرے آنکھ کھلتے ہی عادت یہ ہے کہ سرہانے پڑی عینک اور فون اْٹھایا جاتا ہے۔ کال، پیغامات دیکھتے ہوئے، ان گروپوں میں آئے اخبارات پر بھی نظر دوڑا لیتا ہوں۔ وہ تین اخبار جو گھر آتے ہیں، گیراج میں پڑے دھوپ کھایا کرتے ہیں اور بعض اوقات جوں کے توں سٹور میں چلے جاتے ہیں۔ ابھی زیادہ دن نہیں گزرے کہ صبح اْٹھ کر سب سے پہلے، گیٹ کے نیچے سے کھسک کر اندر آئے ان اخبارات کی طرف جھپٹا کرتا تھا مگر اس پی ڈی ایف کلچر میں اتنی طاقت ہے کہ اس نے تین ساڑھے تین دہائیوں کی میری یہ عادت بدل ڈالی ہے. ایسے ہی بے شمار کتابیں پی ڈی ایف کی صورت موصول ہوتی رہتی ہیں۔ رات کو سونے سے قبل جو تھوڑی دیر کا مطالعہ ہوا کرتا تھا، وہ بھی اب کاغذ و روشنائی کی مجلد کتابوں سے ہٹ کر سکرین پر نظر آتی بے لمس کتابوں تک محدود ہوگیا ہے۔ جیسے آج کل بہت سے دفاتر میں Paperless کلچر نظر آتا ہے، مجھے لگتا ہے کہ آئندہ ایک آدھ دہائی میں ہماری ساری زندگی ہی پیپرلیس ہو جائے گی۔ کاغذ کا استعمال سامان رکھنے کے لفافوں اور ہاتھ پونچھنے کو ٹشو پیپرزکی حد تک رہ جائے گا۔ حرف اور کاغذ کا صدیوں پرانا رشتہ اب ختم ہونے کو ہے۔ حروف کی بے مکانی شروع ہوچکی اور یہ ان کو مکمل بے گھر کرنے سے پہلے رْکنے والی نہیں۔ مطبوعہ حروف کے کلچر کو دھیرے دھیرے مرتا دیکھ کر میں قدرے ملول ضرور ہوں مگر مایوس ہرگز نہیں۔ اس جہانِ آب و گل میں اگر کوئی چیز مستقل اور دائمی ہے تو وہ ہے تبدیلی۔ یہ تبدیلی جس پر آج ہم بات کررہے ہیں، یہ بھی آکے رہے گی۔ یہ تبدیلی طالب علم کی، علم تک رسائی آسان بنا رہی ہے۔ تلاش کا عمل سہل ہوگیا ہے۔ اب آپ کو لائبریری کی لمبی لمبی شیلفوں میں چْنی ہزاروں کتابوں میں بسی دْھول جھاڑ کر چھینکتے ہوئے، مطلوبہ معلومات تک پہنچنے کی مشقت سے نجات مل گئی۔ آپ کی مطلوبہ انفرمیشن اب بس ایک کلک کی دوری پر ہے۔ آپ کے ہاتھوں میں تھما یہ موبائل، الہ دین کے جن سے بھی پہلے، آپ کو مطلوبہ مواد مہیا کردیتا ہے۔ انسان کا ہزاروں سالوں پر محیط تلاش، تحقیق، جستجو اور ایجاد کا سفر صرف ایک ہی مقصد کے لیے ہے کہ کسی طور زندگی کو سہل کیا جاسکے۔ جو تبدیلی، زندگیوں میں آسانی لانے کا موجب بنے گی، اسے بہت جلد قبول کرلیا جائے گا۔ اور پھر میرے یہ حرف آپ کاغذ پر پڑھتے ہیں یا اپنے فون، ٹیبلٹ، لیپ ٹاپ کی سکرین پر، اس سے کیا فرق پڑتا ہے۔ اصل چیز رابطہ ہے، وہ تو دونوں صورتوں میں قائم ہے اور اسے قائم رہنا چاہیے۔