اسلام آباد(سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیرِ اعظم نے بے نامی جائیدادوں کیخلاف کریک ڈاؤن کے حوالے سے بڑا فیصلہ کر لیا۔ وزیرِ اعظم کے حکم پرملک بھر کے تمام ڈپٹی کمشنروں اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کے سربراہوں کو بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ تمام ڈپٹی کمشنر زایک ماہ میں اپنے متعلقہ علاقوں میں واقع بے نامی اور مشکوک جائیدادوں کی نشاندہی کرکے رپورٹ پیش کریں۔رپورٹ میں نشاندہی نہ کی جانے والی بے نامی جائیداد کا بعد میں پتہ چلنے پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر،ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سربراہ کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا اور متعلقہ افسر کیخلاف بے نامی قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔وزیرِ اعظم آفس نے تمام صوبائی چیف سیکرٹریز کو مراسلہ جاری کیاہے جس کے مطابق تمام افسران30ستمبر تک اپنی رپورٹ چیئرمین ایف بی آر کو بھجوانے کے پابند ہیں۔ وزیرِ اعظم آفس کو بھی اس رپورٹ کی نقل بھیجی جائے گی ۔مراسلہ میں بتایا گیا کہ بے نامی جائیدادوں کے حوالے سے 20اگست کو ہونے والے اہم اجلاس میں وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بے نامی جائیدادوں کی نشاندہی کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں صوبائی حکومتیں متحرک کردار ادا کریں۔