برلن (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں غربت تیزی سے پروان چڑھ رہی ہے ، متعدد ممالک غربت پر قابو پانے کے لیے اقدامات کرتے رہتے ہیں، انہی اقدامات میں مزید ایک اضافہ جرمنی میں ہوا ہے جہاں پر بے گھر افراد کے لیے نہانے کا اہتمام ایک بس میں کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بے گھر افراد کھلے آسمان تلے سو تو جاتے ہیں لیکن یورپی ممالک کی سردی میں ان کے لیے غسل کا کوئی بندوبست موجود نہیں ہوتا۔ جرمن شہر ہیمبرگ میں بے گھروں کے لیے ایک شخص نے تین غسل خانوں والی خصوصی بس تیار کی ہے ۔ وفاقی جرمن ریاست اور بندرگاہی شہر ہیمبرگ میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور بے گھر افراد ایک بس میں نہا بھی سکیں گے اور بس میں ان کے لیے صاف کپڑوں کا بندوبست بھی موجود ہو گا۔ اس بس کو شاور بس‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ بے گھروں کیلئے خصوصی طور پر تیار کردہ اس بس کی شروعات ڈومینیک بلواہ نامی ایک ایسے شخص نے کی ہے جو طویل مدت تک خود بھی بے گھر تھا۔