کراچی(این این آئی)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر تیزی کا رجحان غالب رہا ، کے ایس ای100انڈیکس اسی مدت میں 1300پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے انڈیکس 38 ہزار اور 39ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا جبکہ ایک ہفتے کے دروان مارکیٹ کے سرمائے میں264ارب روپے کا اضافہ بھی ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 75کھرب روپے سے تجاوز کر گیا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا اور 4دن کی تیزی میں کے ایس ای100انڈیکس 1779.09پوائنٹس بڑھ گیا تاہم ایک دن کی مندی سے انڈیکس417.23پوائنٹس لوز کر گیا ۔اسٹاک ماہرین کے مطابق نئی مانیٹری پالیسی میں شرح سود مستحکم رکھنے پر ملے جلے رجحان اور افراط زر کی شرح بتدریج کم ہونے ، سپریم کورٹ کی جانب سے چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے کی مدت میں توسیع جیسے عوامل ،اقتصادی محاذ پر کرنٹ اکانٹ خسارے میں کمی ،مستقبل میں معاشی حالات بہتر ہونے کی امید پر مقامی اور غیر ملکیوں کی میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری نے مجموعی طور پر مارکیٹ کو مندی کے اثرات سے دور رکھا ۔تاہم عدالت عظمی کی جانب آرکی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹس لئے جانے کے فیصلے کے بعد مختلف افواہوں نے مارکیٹ کو ایک دن کیلئے مندی کی جانب دھکیل دیا تھا جس کی وجہ سے مارکیٹ تنزلی کا شکار ہوئی کیونکہ مقامی سرمایہ کاروں نے نئی سرمایہ کاری سے گریز کیا تھا۔پاکستان سٹاک مارکیٹ کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے مارکیٹ میں کے ایس ای100انڈیکس میں1361.86پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 37925.79پوائنٹس سے بڑھ کر39287.65پوائنٹس ہو گیا اسی طرح 478.98پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 17531.27پوائنٹس سے بڑھ کر 18010.25 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 26858.99 پوائنٹس سے بڑھ کر27838.52پوائنٹس پر بند ہوا ۔ گذشتہ ہفتے مارکیٹ کے سرمائے میں2 کھرب 64 ارب8کروڑ1لاکھ58ہزار624روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 72 کھرب47ارب 8 کروڑ 83 لاکھ 48 ہزار 159 روپے سے بڑھ کر75کھرب11ارب 96کروڑ 85 لاکھ 6 ہزار 783روپے ہو گیا ۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس ایک موقع پر38846.45پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس ایک موقع پر37535.89پوائنٹس کی کم سطح تک گر گیا تھا ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ18ارب روپے مالیت کے 48 کروڑ 87 لاکھ1ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم8ارب روپے مالیت کے 22کروڑ84لاکھ19ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے ۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے دوران مجموعی طور پر1933کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے 1227کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،623میں کمی اور83کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا ۔