اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر شفقت محمود کو بطور وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ کام سے روکنے کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائرکر دی گئی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس ڈاکٹر فوزیہ سعید کی تعیناتی بھی چیلنج کر دی گئی،عدالت نے وفاق کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتے میں جواب طلب کرلیا۔ادھر ہائیکورٹ نے انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی منظوری کے بغیر تعمیرات کیس میں چیئرمین سی ڈی اے ،مئیر اسلام آباد، سیکرٹری ماحولیات کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی ڈی جی فرزانہ الطاف عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔ چیف جسٹس نے کہا سی ڈی اے نالوں پر تعمیرات کی منظوری نہیں دے سکتا،اسلام آباد میں سرعام ماحولیات کے قوانین کی خلاف ورزی جاری ہے ۔ ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی نے کہاکہ ہم مجبور ہیں،اسلام آباد میں ہمارا کوئی مددگار نہیں۔ چیف جسٹس نے کہا آپ مئیر، چیئرمین سی ڈی اے ،وفاقی سیکرٹریز کیخلاف کرمنل کیس شروع کر سکتی ہیں، رپورٹ دیں اور سفارش کریں کہ آپکے قانون میں کیا کیاجا سکتا ہے ۔ادھر ہندو مندر کی تعمیر کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی جس میں کہا گیا ہے قومی خزانے سے مندر کی تعمیراسلام اور آئین پاکستان کے منافی ہے ۔ پب جی گیم پر پابندی کا فیصلہ بھی اسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔