اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ تعمیراتی کام میں تیزی سے ملکی معیشت بہتر ہوگی اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہونگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ڈویلپمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،انہوں نے پنجاب حکومت کو تعمیراتی کام کے حوالے سے موصول درخواستیں مروجہ قوانین کے مطابق جلد از جلد منظور کر نے کی ہدایت کی۔گورنر سٹیٹ بنک نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ عوام کی آسانی کیلئے پچاس فیصد برانچوں میں قرضہ جات کی فراہمی کیلئے خصوصی ڈیسک قائم کئے جائیں گے ۔بنک الحبیب کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ تعمیراتی شعبے کیلئے اب تک 6ارب روپے کی منظوری دی جا چکی ہے ۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے بتایا کہ 44 ملین مربع فٹ پر تعمیراتی کام کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جس میں سے 20 ملین مربع فٹ پر تعمیرات کیلئے منظوری دی جا چکی ہے ، تعمیراتی کام شروع ہونے کے بعد تقریباً 1 ٹریلین روپے کی معاشی سرگرمیاں شروع ہوگی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختو نخوا نے بتایا کہ تقریباً 6 ملین مربع فٹ پر نئی تعمیرات کیلئے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں ۔ وزیر اعظم نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اور نیپرا کو سٹیٹ بینک کے ساتھ ملکر تعمیراتی شعبے سے متعلقہ مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے حوالے سے آگاہی اجاگر کرنے پر بھی زور دیا۔ پاکستان آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ورکنگ گروپس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاہے کہ پاکستان کی سمندری پٹی سیاحت، بین الاقوامی معیار کی شہری تعمیرات کیلئے نہ صرف موزوں ہے بلکہ بیرونی سرمایہ کاری کے ان گنت مواقع پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔گورنر سندھ اور چیف سیکرٹری پنجاب ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کو دونوں منصوبوں پر ہونے والی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا ۔ چیئرمین راوی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ تعمیرات کیلئے 18600 ایکڑ اراضی کا سروے مکمل ہو چکا جس میں مقامی آبادی کو بے دخل کرنے یا کہیں اورمنتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ راوی سٹی منصوبہ لاہور جیسے بڑے شہر پر آبادی کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ پاکستان میں اربن پلاننگ کی نئی جہتیں متعارف کرائے گا ۔ وزیر اعظم سے وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب خان نے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیر ِتوانائی نے انڈسٹریل پیکیج ، توانائی اور پٹرولیم سے متعلقہ امور پروزیراعظم کو بریف کیا، وزیرِ اعظم نے کہا کہ معیشت کے استحکام کیلئے انڈسٹری کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ میں کبھی بھی تنازعات کے عسکری حل کاقائل نہیں رہا، افغانستان میں امن سیاسی گفت وشنیدہی سے حاصل ہوگا ،قبائلی عوام نے افغان جنگ کی تباہ کاریوں کابارگراں اٹھایا ، امن سے خوشحالی افغانستان،پاکستان کارخ کرے گی،اہل افغانستان کے بعداس امن میں سب سے بڑا حصہ ہماراہے ۔ معیشت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے ملکی معیشت میں بہتری اور استحکام کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امرپر زور دیا کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں ۔اجلاس میں کورونا کے باعث معیشت کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔