اسلام آباد،لاہور(92نیوزرپورٹ،وقائع نگار،سپیشل رپورٹر،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہاہے جو اپنے بیانیے سے وفا نہ کرسکے عوام سے کیا وفا کریں گے ،قوم کے بچوں کا مستقبل چھین کر اپنی اولادوں کی زندگی بنانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔یوم تکبیر پرٹویٹر پیغام اور پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا آج کے دن پاکستان کو اسلامی دنیا کی واحد ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا، ہماری ایٹمی قوت پاکستان اور اس کے عوام کے تحفظ و سلامتی کی ضامن ہے ، قومی وقار اور سالمیت ہمارے لئے سب سے مقدم ہے ۔قوم و ملک کے دفاع اور ترقی کے لئے ہم ایک ہے ، مریم نواز پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والی ایک نسل کی محنت اور کاوش کو ہر چیز کی طرح اپنے خاندان سے نہ جوڑیں ،اپنے کارکنوں کو تنہا چھوڑ کر ہر مرتبہ میدان سے بھاگنے والوں سے قوم آگاہ ہے ، آپ کی قیادت کی وفا مٹی سے نہیں پیسے سے رہی ،ان وفاؤں کی تصویریں ایون فیلڈ اور دیگر جائیدادوں کی صورت دنیا بھر میں نظر آتی ہیں۔ ن لیگ والے کوئی کام مفت نہیں کرتے ،یہ سنگل نہیں لیتے ، چھکے مارنے کے چکر میں ہوتے ہیں،شاہد خاقان عباسی حادثاتی طور پر وزارت عظمی میں آئے ،سلمان شریف شوگر ڈیڈی بن گئے اورشاہد خاقان نے شوگر ڈیڈی کو خوش کرنے کیلئے سبسڈی دی۔ ایک طرف معیشت، دوسری طرف انسانی جانیں ہیں،یہ فیصلہ تو ہوگیا کہ معیشت چلے گی،اللہ کے فضل سے ہمارے تخمینے سے کم اموات ہوئیں،ہماری حکمت عملی بالکل درست ہے ،ٹڈی ڈل نے واپس جانے کے بجائے بچے دے دیئے ،جولائی میں ٹڈی دل کی بڑی کھیپ آنے والی ہے اورحکومت اس کا مقابلہ کرنے کے لئے تیارہے ،سپرے کی تقسیم کا انتظام ہوچکا ہے ،10 جون تک 9 جہاز تیار ہوجائیں گے ،6جہازوں کومزید ٹینڈردیں گے ، ن لیگ کے دورمیں آئی پی پیز کو486 ارب روپے جاری کیے گئے ،عمران خان کرپشن کے خاتمے کیلئے آئے ہیں، کورونا وائرس پروزیراعلیٰ سندھ اور بھارتی وزیراعظم مودی کی حکمت عملی ایک جیسی تھی،شاہد خاقان عباسی نے شوگرمافیا کو نوازا،عمران خان مزید مافیاز کو بھی بے نقاب کریں گے ، شوگرانکوائری رپورٹ کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے ، سندھ ہماری جان ہے اور سندھ میں اگلے الیکشن میں ہماری حکومت بنے گی، حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ، حکومت پانچ سال مکمل کرے گی،پیپلزپارٹی وراثتی پارٹی ہے ،پہلے بینظیرتھیں ،پھرزرداری ہم پرمسلط ہوگئے اوراب بلاول،ہم چینی کی قیمتیں نیچے لے کرآئینگے ۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ساری دنیا جانتی ہے نوازشریف ایٹمی دھماکے کرنے کے سخت خلاف تھے ، اگر پاکستان کا ایٹم بم اتفاق فاؤنڈری میں تیار ہوا ہے تو پھر قوم آل شریف کو کریڈٹ دینے کو تیارہے ، آل شریف کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ بیگانے کی شادی میں عبداﷲ دیوانہ کے مصداق ہے ۔ اسّی کی دہائی میں جب ساری قوم پیٹ پر پتھر باندھ کر ایٹمی پروگرام کی آبیاری کر رہی تھی تب آل شریف دو سو سے پانچ سو روپے ٹیکس دیا کرتی تھی۔ نواز شریف عالمی قوتوں کے ساتھ مالی لین دین کے لئے سول اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کو قائل کرنے میں مصروف تھے اور اس بات کا اعتراف نواز شریف دور کے وزیر خارجہ گوہر ایوب اور ڈاکٹر عبد القدیر خان نے اپنی تحریروں اور انٹرویوز میں کیا ہے ، ایٹمی دھماکوں کا کریڈٹ لینے پر مسلم لیگ ن کی قیادت کو شرم آنی چاہیئے ، پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کا کریڈٹ ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیا الحق، اسحاق خان اور ڈاکٹر عبدالقدیر کو جاتا ہے اور پوری پاکستانی قوم ان شخصیات کو ملک کو ایٹمی قوت بنانے کی کوششوں پر سلامِ محبت پیش کرتی ہے ۔