لاہور(کلچرل رپورٹر) فلمسٹار تابندہ علی ساہیوال میں ’’ڈریم گرل ‘‘بن گئیں۔ تفصیلات کے مطابق فلمسٹار تابندہ علی میرین تھیٹر ساہیوال میں گزشتہ روز شروع ہونے والے سٹیج ڈرامے ’’ڈریم گرل‘‘ میں اپنی پرفارمنس کے جوہر دکھا رہی ہیں، پہلے شو میں شائقین نے انکی پرفارمنس پر تالیاں بجا کر خوب داد دی۔ایک ملاقات کے دوران تابندہ علی نے بتایاکہ اس سے قبل وہ دو ہفتے گوجرانوالہ کے تھیٹر میں کام کرچکی ہیں جہاں پر انہیں بے پناہ پذیرائی ملی، اب وہ ساہیوال میں ’’ڈریم گرل‘‘ کا حصہ بن چکی ہیں جس کا گزشتہ رات پہلا شوتھا جس میں ان کی پرفارمنس کو بے حد پسندکیا گیا ہے ۔ اس ڈرامے میں ان کے ہمراہ اداکارہ مکھنا شہزادی، سیرت علی،صنم خان، ریما جان و دیگر کام کررہی ہیں۔تابندہ علی نے بتایاکہ اتنی سخت سردی کے باوجود شائقین ڈرامہ کا جم غفیر تھیٹر آرہاہے جس کا مطلب ہے کہ تھیٹر اپنا وقاربنانے میں کامیاب ہو چکاہے ۔