فیصل آباد(نیوزرپورٹر) فیڈرل بورڈآف ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی اور ممبر ان لینڈ ریونیو پالیسی ڈاکٹر حامد عتیق سرور آج فیصل آباد آئیں گے ۔فیصل آباد کی صنعتی وتاجر برادری سے دوپہر ڈھائی بجے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ملاقات کرکے وفاقی بجٹ میں زیروریٹڈ انڈسٹری سے سیلز ٹیکس کی چھوٹ واپس لینے ،ہر قسم کے کاروبار کے لئے رجسٹرڈ ہونا لازمی کردینے اور ٹیکس ریونیو بڑھانے کے حکومتی اقدامات بارے ممبران کو آگاہ کریں گے جبکہ کسی بھی قسم کا سیلز ٹیکس جمع کروانے سے چھوٹ حاصل کرنے والے ٹیکسٹائل ، لیدر ، سپورٹس ، کارپٹ اورسرجیکل سیکٹر کو حاصل شدہ رعائتوں کے تمام احکامات واپس لئے جانے کے بعد مزید حکومتی اقدامات بارے صنعتکار وتاجر برادری کے نمائندوں کو آگاہ کریں گے ۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ بجٹ میں مشہور زمانہ رعائتی ایس آر او 1125 واپس لینے کے احکامات کے بعد صنعتی تنظیموں کی جانب سے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے ہڑتال اوراحتجاجی تحریک شروع کرنے کے اعلانات بھی پریس کانفرنس کے بعد خاموشی سے دم توڑچکے تھے ۔ علاوہ ازیں شبرزیدی اور ڈاکٹر حامد عتیق کے فیصل آباد کے دورے کے حوالے سے ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے تمام ملازمین کو یونیفارم پہن کر بروقت دفتر پہنچنے کا پابند کردیاگیا اور گزشتہ مالی سال کے دوران اپنے اپنے زون کی پرفارمنس رپورٹ کی پریزنٹیشن تیارکرکے جمع کروانے کی ہدائت کی گئی ہے ۔