فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) فیصل آباد کی تمام تاجر و صنعتکار تنظیموں نے 8فروری کو چوک گھنٹہ گھر جلسہ کرنے اور مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں 10فروری سے مکمل پہیہ جام ہڑتال کرنے کا اعلان کر دیا،شہر کی 150سے زائد تاجر و صنعتکار تنظیموں نے چوک گھنٹہ گھر میں احتجاجی کیمپ لگایا جس میں ان تنظیموں کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی اورمکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم حکومت کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا جلسہ اور دس فروری کی پہیہ جام ہڑتال مثالی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے منشور میں بجلی ، گیس اور پٹرول سستا کرنے کا اعلان کیا تھا مگر آج ان کی صنعت اور تاجر کش پالیسیوں سے ہر طبقہ پریشان ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انرجی کے نرخ کم ، برآمد کنندگان کیلئے زیر وریٹ کی سہولت بحال ، ری فنڈ ادا ، شناختی کارڈ کی شرط ختم اور تاجروں کیلئے سالانہ ٹرن اوور کی سلیب بڑھا کر 100 کروڑ کی جائے ۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے خواجہ شاہد رزاق سکا اور سپریم انجمن تاجران کے اسلم بھلی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا ۔ہڑتال میں ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن،ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن،ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ، ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن، ٹیکسٹائل پاور لومز ایسوسی ایشن،سائزنگ انڈسٹریز ایسوسی ایشن ، بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن،یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن، فیصل آباد ڈائز اینڈ کیمیکلز ٹریڈرز گروپ،ایمبرائیڈری ایسوسی ایشن ، فیصل آباد فونڈری اینڈ انجینئرنگ اونرز ایسوسی ایشن، فیصل آباد فلور ملز ایسوسی ایشن، انجمن تاجراں سٹی رجسٹرڈ، الیکٹرانک اینڈ انسٹالمنٹ ایسوسی ایشن ، سپریم انجمن تاجراں ، پنجاب سمال انڈسٹریل اسٹیٹ، فیصل آباداولڈ موٹرز ایسوسی ایشن ، صدر غلہ منڈی، جیولرز ایسوسی ایشن ، فرنیچر ایسوسی ایشن، پرنٹنگ اینڈ گرافک کارڈز ایسوسی ایشن اور فیصل آبا دنٹ اینڈ بولٹ مینو فیکچررز ایسوسی ایشن وغیرہ شامل ہیں۔